صدر و کابینہ گلگت بلتستان جر نلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد نے صحافی اور ویلا گر عدنان راوٹ کی گرفتاری اور ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ فورم نےحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عدنان راوٹ کو فی الفور رہا کیا جائے اور ان پر قائم مقدمات ختم کیے جائیں۔ صحافی ویلا گر پر انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونا آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کی مترادف ہے۔ صحافی پر انسداد دہشت گردی کے مقدمات کا اندراج آزادی صحافت پر حملہ اور اس کی آڑ میں صحافیوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔گلگت بلتستان جر نلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد حکومت وقت سے مطالبہ کرتی ہے کہ عدنان راوٹ کو بلاتا خیر رہا کیا جائے اور صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے گریز کیا جائے۔ دریں اثنا گلگت یونین آف جرنلٹس (جی یوجے) نے مقامی صحافی و ویلاگر عدنان راوت کی گرفتاری اور ان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کے تحت مقدمات کے اندراج پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یونین نے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی اور تمام مقدمات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک باضابطہ بیان میں جی یو جے نے کہا کہ کسی صحافی کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کے تحت مقدمات درج کرنا آزادیٔ اظہار پر براہِ راست حملہ اور میڈیا کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے۔ یونین کے مطابق گلگت بلتستان کے صحافی مشکل اور حساس حالات کے باوجود ہمیشہ پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔یونین نے اس بات پر زور دیا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کی عدم موجودگی کے باوجود مقامی صحافی عوام کو بروقت اور مستند معلومات فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ ایسے حالات میں گرفتاریوں اور قانونی کارروائیوں کو آزاد صحافت کا گلا گھونٹنے اور پریس کی آزادی محدود کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔جی یو جے نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا اور صحافیوں اور وی لاگرز کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں تو تمام پریس تنظیمیں سخت احتجاجی اقدامات کریں گی اور میڈیا کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔
صحافی انسداد دہشت گردی مقدمے میں گرفتار۔۔۔
Facebook Comments
