پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے پیرا فورس اور اے سی نشتر ٹائون کے عملہ کی طرف سے سینئر صحافی سید عباس حیدر اور ان کے بھائی کے ساتھ بدتمیزی، تشدد کا نشانہ بنانے اور جھوٹا مقدمہ درج کر کے گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر خرم پاشا ، نائب صدر شیر علی خالطی ، جوائنٹ سیکرٹری خالد رشید ، طلال اشتیاق ، خزانچی جواد حسن گل اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سید عباس حیدر سنیئر صحافی ہیں ۔انہیں جس طرح پیرا فورس کے عملہ نے ٹارگٹ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے خلاف ایک جھوٹی ایف آئی آر درج کی وہ قابل مذمت ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے ڈی سی لاہور سے اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ قانون پر عملدرآمد کی آڑ میں پیرا فورس کے اہلکار اختیارات سے تجاوز کر کے لوگوں کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں کررہے ہیں اور انہیں جھوٹے مقدمات میں الجھا رہے ہیں جس کی مثال سید عباس حیدر اور ان کے بھائی کے خلاف مقدمہ کا اندارج اور کارروائی ہے ۔انہوں نے اس مقدمہ کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے ۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ اس واقعی میں ملوث پیرا فورس کے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔
