khabaar dena jurm ban gya

جبری برطرفیاں، تنخواہوں میں تاخیر برداشت نہیں کرینگے، آر آئی یوجے۔۔

راولپنڈی / اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر آصف بشیر چوہدری ، جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی ، فنانس سیکرٹری اظہار خان نیازی اور اراکین مجلس عاملہ نے ملک کے مختلف نجی میڈیا چینلز میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ ہونے والی حالیہ برطرفیوں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کام کے ناسازگار ماحول پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ یونین کے عہدیداران کی جانب سے جاری مشتر کہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف ٹی وی چینلز بشمول سماء نیوز سنو نیوز ، نیو نیوز ، دنیا نیوز ، بول نیوز اور آج نیوز میں ملازمین کو در پیش مسائل نہایت سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں، بیان کے مطابق متعدد اداروں میں بڑے پیمانے پر جبری برطرفیاں کی جارہی ہیں جبکہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے صحافیوں کو شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار بنادیا ہے، بیان میں خاص طور پر سماء نیوز میں حالیہ برطرفیوں، بیوروز کی ممکنہ  بندش اور دوران ڈیوٹی ملازمین کی اموات کے واقعات کو انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا ، اسی طرح سنو نیوز اور نیو نیوز میں تنخواہوں کی مسلسل تاخیر اور دنیا نیوز میں تکنیکی عملے کی برطرفیوں کو میڈیا ورکرز کے معاشی قتل کے مترادف قرار دیا گیا۔یونین را ہنماؤں نے کہا کہ بعض اداروں میں کم تنخواہ لینے والے ملازمین کونشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ با اثر افراد کی من پسند تقرریاں جاری ہیں جو پیشہ ورانہ نا انصافی کی واضح مثال ہے، مزید یہ کہ بعض واقعات میں انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کا ساتھ دینے کے بجائے انہیں ہی نوکریوں سے نکال دینا قابل مذمت ہے۔ یونین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی بر وقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ، جبری برطرفیوں کا فوری نوٹس لیا جائے ، لیبرقوانین پر عملدرآمد یقینی بنا یا جائے، سرکاری اشتہارات کو ملازمین کے حقوق کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے ، عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر میڈیا ہاؤسز کی انتظامیہ نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں