سماٹی وی میں معیزالدین کے انتقال کی تحقیقات کرائی  جائیں، پی ایف یوجے دستور۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(دستور) کے صدر حاجی محمد نواز رضا، سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے میڈیا ہاؤسز میں  غیر یقینی صورت حال پیدا کرنے کو صحافیوں کی صحت اور ملازمت سے دشمنی قرار دیا ہے۔سما ٹی وی کے دفاتر میں تھرڈ پارٹی انٹرویوز کے ذریعہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے آج ٹی وی، بول ٹی وی، دنیا ٹی وی، این ٹی این، جی این این، سنو ٹی وی کی انتظامیہ کے صحافی دشمن رویے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔صحافی رہنماؤں نے حکومت وقت  اور وزارت اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ سما ٹی وی کے دفتر میں تھرڈ پارٹی ا نٹرویوز اور اس سے پیدا ہونے والی خوفناک صورت حال، ملازمین کی ذہنی اذیت کے باعث جان سے گذر جاناکے واقعات کی تحقیقات کرائیں۔سما ٹی وی کے مرکزی دفترمیں دوران ڈیوٹی ایک اور میڈیا ورکر کے انتقال کی بھی اطلاع ملی ہے مزید کئی ورکرز ذہنی اذیت میں مبتلا بتائے جاتے ہیں۔ ان سب کی تحقیقات ہونا ضروری ہے۔صدر حاجی محمد نواز رضا، سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ تھرڈ پارٹی انٹر ویوز کے پردے میں سما ٹی وی کی انتظامیہ نے پی سی آر کے چھ ملازمین کو نوٹسز جاری کئے ہیں جس کی وجہ سے پورے دفتر میں خوف کا عالم ہے اور اسی خوف کے باعث کراچی سے تعلق رکھنے والا ایک میڈیا ورکر معیز الدین برین ہیمرج کا شکار ہوکر اس دنیا سے چلا گیا۔۔دنیاٹی وی نے بھی برطرفیاں شروع کردیں اور ورکرز کو ایک ماہ کے نوٹسز جاری کئےہیں جو کارکنان کا معاشی قتل عام ہے۔ آج ٹی وی میں فروری سے اپریل تک تنخواہیں واجب الادا ہیں، بول ٹی وی میں بھی مارچ کی سیلری اب تک نہیں ملی این ٹی این نیوز میں فروری کے بعد اب تک کسی کو اجرت نہیں دی گئی، اسی طرح دیگر میڈیا ہاؤسز نے بھی تنخواہوں کی ادائیگی میں  تاخیر کو معمول بنالیا ہے اور اس کے تحت وہ سال میں بارہ تنخواہوں کی جگہ اب آٹھ سیلریاں دینے لگے ہیں جو غیرقانونی اور مزدور دشمن اقدامات ہیں۔حکومت وقت اور وزارت اطلاعات اور آزادی اظہار رائے پرخوبصورت بیانات دینے والے تمام ارباب بست و کشاد تھرڈ پارٹی ا نٹرویوز اور اس سے پیدا ہونے والی خوفناک صورت حال، ملازمین کی ذہنی اذیت کے باعث جان سے گذر جاناکے واقعات کی تحقیقات کرائیں، تنخواہوں میں تاخیر کا نوٹس لیں۔ریاست کے چوتھے ستون کو زمیں بوس ہونے سے بچانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں