کے یوجے ورکرز کے ارکان کی ہیلتھ انشورنس کا فیصلہ۔۔۔ 32

کے یوجے ورکرز کے ارکان کی ہیلتھ انشورنس کا فیصلہ۔۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس ورکرز نے اپنے ارکان کی فلاح و بہبود کے لیے سالانہ ہیلتھ انشورنس پریمیم یونین کی جانب سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان صدر فواد محمود نے کراچی کے ایک فارم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں صحافیوں کے فلاحی، مالی اور پیشہ ورانہ مسائل سمیت تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ارکان کی مالی معاونت کے لیے پروویڈنٹ فنڈ کے قیام، تنظیمی رابطوں کو مؤثر بنانے اور صحافیوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ جنرل سیکریٹری ندا آصف نے ایجنڈے پر اظہار خیال کیا، جبکہ سینئر جوائنٹ سیکریٹری سامی میمن نے یونین کے آئین کی پابندی اور تنظیمی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔سیکریٹری اطلاعات باغی ساگر پنہور نے پروویڈنٹ فنڈ اور ارکان کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کی تجاویز پیش کیں۔ گورننگ باڈی کے ارکان فضیل جتوئی، ملک فیصل اور ڈاکٹر بشارت حسین نے اتحاد و یکجہتی کے علاوہ مبینہ جعلی ایف آئی آرز اور پیکا ایکٹ سے متعلق صحافیوں کے مسائل پر گفتگو کی۔ جاوید شاہ جی اور آصف سدھو نے یونین کی فلاحی سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کرنے کی تجاویز دیں۔اجلاس میں 27 ستمبر کو کراچی پریس کلب کے کانفرنس ہال میں شام 4 سے 6 بجے تک منعقد ہونے والے ’’میڈیا اینڈ اکانومی‘‘ سیمینار کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیمینار میں معاشی ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔ملیر، کورنگی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، میمن گوٹھ، لانڈھی اور دیگر علاقوں سے شریک ارکان نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونین قیادت کی جانب سے احتجاج، مظاہرے، سیمینار یا کسی بھی تنظیمی سرگرمی کی کال پر بھرپور ساتھ دیں گے۔اجلاس کا اختتام صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور تنظیمی استحکام کے لیے اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔ بعد ازاں شرکا کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں