ٹی وی اینکر و صحافی کے گھر پر پولیس کا چھاپہ۔۔۔ 20

ٹی وی اینکر و صحافی کے گھر پر پولیس کا چھاپہ۔۔۔

کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے مرکزی صدر کاظم خان نے سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور سینئر صحافی و ٹی وی اینکر ذوالفقار احمد راحت کے آبائی گھر، نارنگ منڈی میں مبینہ پولیس کارروائی اور اہلِ خانہ کو ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔کاظم خان نے کہا کہ کسی بھی شہری کے گھر میں بلاجواز داخل ہونا، خواتین سے بدتمیزی کرنا اور چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول عمل ہے۔ پنجاب پولیس کا فرض شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، نہ کہ شریف شہریوں کے گھروں میں داخل ہو کر خوف و ہراس پیدا کرنا۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی مقدمے یا قانونی کارروائی کے سلسلے میں پولیس کو کوئی ضرورت تھی تو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کی جانی چاہیے تھی۔ کسی سیاسی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاری کے نام پر ایسے خاندانوں کو نشانہ بنانا جن کا کسی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، پولیس کے اختیارات کے غلط استعمال کے مترادف ہے۔CPNE کے مرکزی صدر کاظم خان نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مبینہ طور پر کارروائی میں ملوث پولیس پارٹی کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور معاملے کی اعلی سطحی، شفاف اور غیر جانب دارانہ انکوائری کرائی جائے۔کاظم خان نے مزید کہا کہ صحافی برادری کے گھروں اور خاندانوں کو کسی بھی قسم کے دبائو یا ہراسانی کا نشانہ بنانا آزادی صحافت اور شہری آزادیوں کے لیے تشویشناک ہے۔ سی پی این ای اپنے رکن اور سینئر صحافی ذوالفقار احمد راحت کے ساتھ کھڑی ہے اور توقع کرتی ہے کہ پنجاب حکومت اور پولیس کی اعلی قیادت اس معاملے میں فوری انصاف کو یقینی بنائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں