کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں مختلف میڈیا اداروں میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، غیر قانونی چھانٹیوں اور ملازمین کو درپیش معاشی مشکلات پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر سنو نیوز میں کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ملازمین کو ممکنہ چھانٹیوں کے خطرے کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ سے فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چودھری اور سیکریٹری ریحان چشتی نے سنو نیوز میں ملازمین کی کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ان کی محنت کا معاوضہ بروقت ادا نہ کرنا اور انہیں چھانٹیوں کے خطرے سے دوچار رکھنا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ میڈیا ورکرز پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی ان کے خاندانوں کو بھی شدید متاثر کر رہی ہے۔گورننگ باڈی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر سنو نیوز انتظامیہ نے فوری طور پر تنخواہیں ادا نہ کیں تو 3 دسمبر بروز جمعرات دیگر صحافتی تنظیموں کے اشتراک سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سنو نیوز کے دفاتر کے باہر بیک وقت احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں دیگر صحافتی تنظیموں سے رابطے اور مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صحافیوں کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی چھانٹیوں کے خلاف ملک گیر آواز بلند کی جائے گی۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی یا غیر قانونی چھانٹیوں میں ملوث دیگر میڈیا اداروں کے خلاف بھی متعلقہ دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا اور بھرپور احتجاجی مہم چلائی جائے گی۔اجلاس میں حال ہی میں آج ٹی وی کے دفتر کے باہر کے یو جے دستور کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی، جبری برطرفیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے کیے گئے احتجاج کو بھی سراہا گیا۔ گورننگ باڈی کے اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر مشترکہ جدوجہد اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اجلاس میں کراچی پریس کلب کے آئندہ انتخابات اور یونین کے دیگر تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورننگ باڈی کے اراکین نے مشترکہ طور پر میڈیا اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی چھانٹیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے معاشی حقوق کا تحفظ صحافتی تنظیموں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ صحافیوں کے اتحاد اور تنظیموں کے باہمی اشتراک سے ہی کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ کے یو جے دستور متاثرہ کارکنوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر ہر ممکن احتجاجی، تنظیمی اور قانونی راستہ اختیار کرے گی۔
247