ڈراما انڈسٹری کے مقبول ڈراما سیریل ’درِ نجات‘ نے بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کرلی، ڈراما جلد مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ممالک میں معروف نشریاتی ادارے ایم بی سی پر عربی زبان میں نشر کیا جائے گا۔ڈرامے کو عربی زبان میں ڈب کرکے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد عرب دنیا کے ناظرین بھی پاکستانی فنکاروں کی اداکاری اور کہانی سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔’درِ نجات‘ کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایت کاری کے فرائض ثاقب خان نے انجام دیے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی محبت، رشتوں، مذہبی رجحانات، دل شکستگی، معافی اور زندگی میں نئی شروعات جیسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہے۔ڈرامے میں درفشاں سلیم نے زریاب، شہریار منور نے ابوبکر اور نمیر نواز خان نے زامل کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ کہانی زریاب اور زامل کی محبت سے شروع ہوتی ہے، تاہم زامل کی زندگی میں آنے والی تبدیلی ان کے تعلق کو متاثر کرتی ہے اور وہ زریاب کو چھوڑ کر ہمنہ سے شادی کرلیتا ہے، جس کے بعد زریاب کی زندگی ابوبکر سے جڑ جاتی ہے۔ڈرامے کی دیگر نمایاں کاسٹ میں ثانیہ سعید، صبا حمید، فاران طاہر، نادیہ افگن، سحر ہاشمی، محمود اسلم، عدنان جعفر اور عدنان شاہ ٹیپو شامل ہیں۔ڈرامے کی عربی نشریات کو پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی عالمی سطح پر رسائی بڑھانے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
74
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل