سینئر صحافیوں کے خلاف مبینہ بے بنیاد الزامات۔۔۔۔ 8

سینئر صحافیوں کے خلاف مبینہ بے بنیاد الزامات۔۔۔۔

پاکستان میڈیا کونسل روجھان عمر کوٹ کے سینئر صحافیوں مختار حیدر، نمائندہ اے بی این نیوز، اور محمد اسلم ساغر ، نمائندہ رو ہی 24 نیوز کے خلاف عائد کیے جانے والے من گھڑت ، بے بنیاد اور غیر مصدقہ الزامات کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔پاکستان میڈیا کو نسل کا کہنا ہے کہ صحافت معاشرے میں حقائق سامنے لانے، عوامی مسائل اجاگر کرنے اور مظلوم کی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے۔ صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اختلاف رائے، تنقید اور سوالات کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم کسی صحافی کی ساکھ متاثر کرنے کے لیے غیر مصدقہ الزامات اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا سہارا لینا قابل تشویش امر ہے۔ پاکستان میڈیا کو نسل مختار حیدر اور محمد اسلم ساغر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس امر پر زور دیتی ہے کہ کسی بھی صحافتی معاملے یا اختلاف کو ذاتی الزامات کے بجائے دلیل، شواہد اور حقائق کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔ پاکستان میڈیا کو نسل واضح کرتی ہے کہ آزادی صحافت، صحافیوں کے وقار اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ ایک ذمہ دار معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ اگر کسی صحافی کے خلاف کوئی شکایت یا الزام ہو تو اسے مناسب فورم پر قابل تصدیق شواہد کے ساتھ پیش کیا جائے، تاکہ معاملے کی غیر جانب دارانہ طور پر جانچ پڑتال ممکن ہو۔پاکستان میڈیا کو نسل نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کردار کشی کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا، پاکستان میڈیا کو نسل اپنے صحافیوں کی عزت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں