aik tabah saath | Imran Junior

سیکنڈ ہینڈ۔۔۔ ہسبینڈ۔۔۔

سیکنڈ ہینڈ۔۔۔ ہسبینڈ۔۔۔

علی عمران جونئیر

روزنامہ نئی بات، کراچی

08-Feb-2019

دوستو، شوہردو بیویاں ہونے کا صرف ایک ہی فائدہ بیان کرتے ہیں کہ بیوی ایک ہو تو خاوند کے ساتھ لڑتی ہے اور اگر دو ہوں تو خاوند کیلئے لڑتی ہیں۔ایک صاحب کی بیوی گم ہوگئی تھی، انہوں نے اخبار میں اشتہار دیا کہ۔۔میری بیوی اتوار سے غائب ہے،اگر کسی نے خبردی تو میں اسے جان سے مارڈالوں گا۔۔ہمارے پیارے دوست کا کہنا ہے کہ ۔۔ شادی کرناایک ایسا ہی ایک احمقانہ کام ہے کہ جیسے خود خرید کر سگریٹ پینا۔شادی وہ لاٹری ہے جو کبھی نہیں نکلی ۔۔وہ مزید فرماتے ہیں کہ ۔۔ بیوی کود ل نہیں دینا چاہیے کیونکہ بیوی کو دل دینے کا مطلب یہ ہے کہ باقی عمر بے دلی سے گزارنا۔ہمارے ایک سابق وزیراعظم ملک فیروز خان نون کی پہلی بیوی کو ’’لیڈی نون ‘‘ کہا جاتا تھا۔ملک صاحب نے جب دوسری شادی کی تو ایک انگریزی اخبار نے سرخی لگائی ’’لیڈی آفٹر نون‘‘۔

بیوی نے اپنے میاں کو جوان بیٹی کی ذمہ داری کا احساس دلاتے ہوئے کہا،کہ اس کے لیے کوئی لڑکا تلاش کرو۔ تو میاں کہنے لگے۔۔ بیگم ! میں بھی اسی فکر میں ہوں لیکن کوئی ڈھنگ کا لڑکا نظر ہی نہیں آتا، جو بھی ملتا ہے، نکما، نکھٹو، بے ڈھنگا اور نالائق ۔۔ لو اور سنو !! بیگم چلا اٹھی۔۔ میرے ابا بھی اگر یہی سوچتے تو میں اب تک کنواری ہی بیٹھی رہتی۔۔میکے گئی بیوی کو خاوند کی یاد بہت زیادہ ستائی تو اس نے خاوند کو ایس ایم ایس بھیجا ۔۔ صرف 15 دنوں میں تمھاری جدائی میں آدھی رہ گئی ہوں۔ مجھے لینے کب آرہے ہو ؟۔۔شوہر نے جوابی میسج بھیجا۔ جانِ من ! صرف 15 دن بعد ۔۔ایک شخص چھینک روکنے کیلئے طرح طرح کے منھ بنا رہا تھا ،ساتھ بیٹھے آدمی نے کہا ،بھائی آپ چھینک کیوں نہیں لیتے ۔۔اس آدمی نے کہا ۔۔ بھائی میری بیوی نے کہا تھا کہ جب تمہیں چھینک آئے تو سمجھو کہ میں بلا رہی ہوں ۔۔دوسرے شخص نے یہ جواب سن کر کہا، تو اس میں پریشانی کی کیا بات ہے ۔۔وہ شخص کہنے لگا۔۔ عجیب احمق آدمی ہو بھئی میری بیوی مر چکی ہے۔۔ایک دن ہم نے باباجی سے ویسے ہی پوچھ لیا، بیویاں تمام عمر اپنے شوہروں سے لڑتی جھگڑتی بھی رہتی ہیں اور پھر ان کی وفات پر ٹسوے بہانے بھی بیٹھ جاتی ہیں۔ آخر کیوں؟۔۔باباجی نے ہمارے سوال کو بغور سنا، پھر ماچس کی ڈبی کُرتے کی جیب سے نکال کر ایک تیلی نکالی،اسے درمیان سے توڑ کر دانتوں میں پھنسی چھالیہ کو نکالتے ہوئے کہا۔۔ بھئی شکار ہاتھ سے نکل جانے کا غم آخر کسے نہیں ہوتا۔۔۔

میاں بیوی بستر پر لیٹے سونے کی تیاری کر رہے تھے۔ اچانک بیوی بولی ۔۔ سنو ! کیا تم میرے مرنے کے بعد دوسری شادی کر لو گے ؟؟ شوہر نے کروٹ بدلے بغیر کہا، نہیں بیگم ایسا بالکل نہیں ہوسکتا، تمہیں پتہ ہے میں تم سے کتنا پیار کرتا ہوں، میں دوسری شادی کیسے کرسکتا ہوں۔۔بیوی نے جواب سنا پھر ایک اور میزائل فائر کیا۔۔ لیکن تم اتنی لمبی زندگی تنہا بھی تو نہیں گذار سکتے، شادی تو تمہیں کرنا ہی ہو گی۔۔شوہر نے ٹالنے کے انداز میں کہا ، دیکھا جائے گا۔ اگر ضروری ہوا تو کر لوں گا!!بیوی نے شوہر کا ’’رف ٹف‘‘ جواب سنا تو دکھ بھری آواز میں بولی، کیا تم واقعی دوسری شادی کر لو گے ؟شوہر نے پھر ٹالنے والے اسٹائل میں کہا کہ، بیگم ، ابھی تم خود ہی تو زور دے رہی تھی۔بیوی نے اگلے ہی لمحے ایک اور سوال داغ دیا۔۔ اچھا کیا تم اسے اسی گھر میں لاؤ گے ؟شوہر نے بیوی کا سوال سنا تو کہنے لگا۔۔ ہاں، میرا خیال ہے ہمارا گھر کافی بڑا ہے اور اسے یہیں رہنا ہو گا۔۔بیوی نے پھر پوچھا، کیا تم اسے اسی کمرے میں رکھو گے؟ شوہر اب بیگم کا ’’ توا‘‘ لگانے کے موڈ میں تھا، کہنے لگا۔۔ ہاں، کیونکہ یہی تو ہمارا بیڈ روم ہے۔۔بیوی نے غصے سے پوچھا ، تو کیا وہ اسی بیڈ پر سوئے گی؟؟ شوہربولا، ظاہر ہے اور کہاں سوئے گی بے چاری۔۔۔ بیوی نے ایک اور سوال کرڈالا، اچھا تو کیا وہ میری جیولری بھی استعمال کرے گی؟؟ شوہر کہنے لگا، نہیں اس جیولری سے تمہاری سہانی یادیں وابستہ ہیں،وہ یہ استعمال نہیں کرسکے گی۔۔بیوی نے پھر اپنے کپڑوں سے متعلق سوال کرلیا۔۔شوہر نے جواب دیا، پیاری بیگم ! اگر مجھے شادی کرنا ہوئی تو وہ کپڑے بھی خود ہی لے کر آئے گی۔۔بیوی نے پھر سوال کیا، اور کیا وہ میری گاڑی بھی استعمال کرے گی ؟؟شوہر نے روانی میں جواب دیا، نہیں، اسے گاڑی چلانا نہیں آتی۔ بہت دفعہ بولا لیکن وہ سیکھنا ہی نہیں چاہتی۔۔۔بس اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہیں رہی، موصوف آخری اطلاعات آنے تک اسپتال میں داخل ہیں۔۔

عدالت میں میاں بیوی کے جھگڑے کے فیصلے کا دن تھا۔ جج نے فریقین کے وکلاء کی بحث سننے کے بعد میاں سے کہا۔۔۔عدالت تمہاری بیوی کا ایک سو روپیہ خرچہ مقرر کرتی ہے۔ یہ فیصلہ سننے کے بعد ابھی وکلاء اپنے کاغذات سمیٹ ہی رہے تھے کہ میاں نے گدّی کھجلاتے ہوئے کہا ۔۔۔اچھا جی ،اگر آپ اتنے مہربان ہیں تو پھر میں بھی اسے دس پندرہ روپے ماہانہ دے دیا کروں گا۔۔ایک خان صاحب کی بیوی مر گئی۔ اب میت پر وہ تو چپ بیٹھے تھے مگر مرحومہ کا ایک چاہنے والا دھاڑیں ما ر مار کر رو رہا تھا۔جب یہ رونا دھونا حد سے بڑھ گیا تو خان صاحب بولے۔۔ یارا دکھ نہ کرو ہم جلد ہی دوسری شادی کر لے گا۔۔ بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے شادی شدہ انسان یعنی دھرمندر سے شادی کی۔۔سری دیوی نے بھی شادی شدہ بونی کپورسے شادی کی۔۔بالی وڈ کی دیگر حسیناؤں روینہ ٹنڈن، کرشمہ کپور، کرینہ کپور، جوہی چاؤلہ۔۔ودیا بالن، سونم کپور، لارادتہ، شلپاشیٹھی، ماہیما چودھری، امرتا اروڑا، رانی مکھرجی، بپاشا باسو، ساریکا، شبانہ اعظمی، کالکی کوچین، اور سمیتا پاٹل نے بھی شادی شدہ انسان سے ہی شادی کی، ایسی کئی مثالیں ہیں۔۔۔جو یاد تھیں بیان کردیں۔۔ جس سے یہ بات تو سوفیصد ثابت ہوتی ہے کہ سیکنڈ ہینڈ شوہروں کی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ ہی ہوا ہے۔۔اس لئے اگر آپ شادی شدہ ہیں اور ابھی تک ایک ہی بیوی پر گزارا کررہے ہیں تو مایوس ہونے کی قطعی ضرورت نہیں، چانس کبھی بھی لگ سکتا ہے۔۔۔بس حوصلہ رکھیئے۔۔۔

How to Write for Imran Junior website

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں