سنو نیوزمیں مالی بحران شدید، جولائی کی تنخواہ اب تک نہیں ملی۔۔۔۔ 434

سنو نیوزمیں مالی بحران شدید، جولائی کی تنخواہ اب تک نہیں ملی۔۔۔۔

سنونیوزمیں مالی بحران مزید شدید ہوگیا، تاحال جولائی کی تنخواہیں مکمل طور پر کلیئر نہیں ہوئی ہیں ۔ جس کی وجہ سے ملازمین کا صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے، اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ملازمین فاقہ کشی سے تنگ آچکے ہیں ، پپو نے انکشاف کیا ہے کہ سنو نیوزکے ایڈمن ڈپارٹمنٹ کے ملازمین (آفس بوائز ) نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف شدید احتجاج کیا اور "نو سیلری، نو ورک" کا نعرہ بلند کرتے ہوئے پہلے کام چھوڑ کر ایڈمن آفس میں بیٹھ گئے ۔ اس دوران ایڈمن آفیسر اپنی سیٹ چھوڑ کر ادھر ادھر ہوگئے ۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ انہیں روزانہ کہا جارہا ہے کہ کل لازمی تنخواہ مل جائے گی آج کام کرلو ،اس لیے جب تک تنخواہ نہیں ملے گی وہ ایک منٹ بھی کام نہیں کریں گے، اس اچانک احتجاج کے بعد انتظامیہ نے "ایک آدھ دن میں سیلری آجائے گی" کی روایتی یقین دہانی پر ملازمین کو دوبارہ آفس لایا گیا۔ سنونیوز کے افسران بھی سیلری نہ ملنے سے دلبرداشتہ ہیں اور آفس میں کام کرنے کا جذبہ ختم ہو چکا ہے، دوسری جانب، ایچ آر اور اکاؤنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین خود بھی تنخواہوں سے محروم ہیں اور اب وہ ملازمین کو جھوٹے دلاسے دے دے کر تھک چکے ہیں۔ اب اکاؤنٹ افسران نے صاف کہہ دیا ہے کہ: "مالکان کے پاس سیلری دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں، جب فنڈز آئیں گے تو پتہ چل جائے گا، اب ہمیں مزید ڈسٹرب نہ کیا جائے، چینل کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز نے بھی تنخواہ نہ ملنے پر احتجاجاً کام چھوڑ دیا تھا، جس پر انتظامیہ نے ڈوبتی نیا بچانے کے لیے انہیں آدھی سیلری دے کر فی الحال خاموش کرایا ہے، ملازمین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کا تنخواہیں دینے کا کوئی ارادہ دکھائی نہیں دیتا۔ پپو کے مطابق صورتحال اتنی بدتر ہوچکی ہے اور ملازمین کا مورال اتنا ڈاؤن ہوچکا ہے کہ بیوروز میں کسی اسائنمنٹ کا کہا جائے تو آگے سے صاف جواب ملتا ہے کہ ڈی ایس این جی میں پٹرول نہیں، آفیشل گروپ میں رپورٹرز صاف انکار کردیتے ہیں۔پپو کا کہنا ہے کہ سیلری کا بحران چینل کے بڑوں کے درمیان عدم اتفاق کے باعث سامنے آیا، تنخواہوں کا ارینجمنٹ کرنے والے بڑے صاحب نے باقی طبقہ اشرافیہ کو صاف بتا دیا ہے کہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد سیلری لینے والے نااہل رشتہ داروں کو ادارے سے نکالا جائے، پپو کے مطابق چینل کا لائسنس تنخواہوں کا ارینجمنٹ کرنے والے کے نام نہیں، اور جن کے نام لائسنس ہے وہ اپنے حصے کا شیئر ادارے پر لگانے کو تیار نہیں، جس کی وجہ سے سارا بحران سامنے آیا ہے، سنو نیوزکے ملازمین نے پیمرا اور صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سنونیوز کے ملازمین کے اس معاشی قتل عام کا فوری نوٹس لیں، ورنہ ملازمین چینل کے باہر مستقل دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں