رپورٹرز حامدالرحمان، انورخان کو کراچی پریس کلب کی مبارکباد۔۔ 67

رپورٹرز حامدالرحمان، انورخان کو کراچی پریس کلب کی مبارکباد۔۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے تیسرے نیشنل ہیلتھ ایوارڈز میں صحت کے شعبے میں نمایاں صحافتی خدمات کے اعتراف میں کراچی پریس کلب کے سینئر ممبران اور سابق عہدیداران حامد الرحمٰن اور محمد انور خان کو ایوارڈز سے نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔جمعہ کو جاری اپنے بیان میں صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے کہا کہ حامد الرحمٰن کو ’’آؤٹ اسٹینڈنگ ہیلتھ جرنلسٹ‘‘ کا اعزاز ملنا اور محمد انور خان کو ہیلتھ جرنلزم کے شعبے میں ایوارڈ دیا جانا نہ صرف دونوں سینئر صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور طویل صحافتی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ کراچی پریس کلب اور پوری صحافتی برادری کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت جیسے انتہائی اہم اور حساس شعبے میں صحافت محض خبر رسانی نہیں بلکہ عوام کو درست معلومات، طبی آگاہی اور صحت عامہ سے متعلق شعور فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی ہے۔ حامد الرحمٰن اور محمد انور خان نے اپنی پیشہ ورانہ دیانت، تحقیق اور ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے اس شعبے میں نمایاں مقام بنایا ہے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ دونوں صحافیوں نے اپنے طویل صحافتی سفر کے دوران نہ صرف صحت کے شعبے کے اہم مسائل کو اجاگر کیا بلکہ عوامی مفاد سے جڑے معاملات کو مؤثر انداز میں حکام اور متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات اور کامیابیاں نوجوان صحافیوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہیں۔صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب ہمیشہ اپنے سینئر اور متحرک اراکین کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور حامد الرحمٰن و محمد انور خان کے اعزازات پر پوری صحافی برادری کو فخر ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں سینئر صحافی آئندہ بھی اپنی صلاحیتوں، تجربے اور پیشہ ورانہ وابستگی کے ذریعے صحت کے شعبے میں ذمہ دار اور عوام دوست صحافت کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔کراچی پریس کلب کے صدر، سیکرٹری اور مجلس عاملہ نے ایک بار پھر حامد الرحمٰن اور محمد انور خان کو نیشنل ہیلتھ ایوارڈز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابیوں اور عزت و وقار کی دعا کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں