نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے اپنے ممبران کے لیے فائنل نوٹس جاری کر دیا ہے جس میں پریس کانفرنس کے اختتام پر مہمانوں سے مالی معاونت اور رقم طلب کرنے کے عمل کو صحافتی اخلاقیات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ کی جانب سے 14 ستمبر 2026 کو جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ بعض ممبران پریس کانفرنس کے اختتام پر مدعو مہمانوں یا پریس کانفرنس کرنے والے افراد سے مالی معاونت یا رقم طلب کرتے ہیں۔نوٹس کے مطابق یہ عمل نیشنل پریس کلب کے وقار، صحافتی اخلاقیات اور پیشہ ورانہ اصولوں کے منافی ایک انتہائی غیر مناسب اور قابل مذمت عمل ہے۔ تمام معزز ممبران کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمی سے مکمل اجتناب کریں۔نوٹس میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ اگر کوئی ممبر اس نوعیت کی کسی کارروائی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف نیشنل پریس کلب کے قواعد و ضوابط کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ممبر پر عائد ہوگی۔آخر میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ صحافتی اقدار، ادارے کے وقار اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
26
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل