پریس کلب میں نقاب پوشوں کے داخلے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ۔۔۔ 32

پریس کلب میں نقاب پوشوں کے داخلے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ۔۔۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر لنڈی کوتل میں نقاب پوش افراد کے اچانک داخلے اور مختلف کمروں کی مبینہ تلاشی لینے کے واقعے پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر اس کی شفاف تحقیقات کی جائیں،خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید اور جنرل سیکرٹری ارشاد علی سمیت دیگر عہدیداروں نےاپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق شام ساڑھے سات بجے کے بعد نقاب پوش افراد، جنہوں نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا، اچانک ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر لنڈی کوتل میں داخل ہوئے اور مختلف کمروں کی جانچ پڑتال کے بعد وہاں سے چلے گئے،صحافیوں کی جانب سے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سے رابطہ کرنے پر ان کی جانب سے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیے جانے کے باعث معاملے کی نوعیت مزید تشویش ناک ہو گئی ہے،صدر خیبر یونین آف جرنلسٹس نے کہا ہے کہ پریس کلب صحافیوں کا ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے، جو عوامی مسائل کی نشاندہی، مظلوموں کی آواز حکام تک پہنچانے اور معاشرے کے محروم طبقات کے حقوق کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے،ایسے صحافتی مرکز میں نقاب پوش افراد کا اچانک داخل ہونا اور کمروں کی مبینہ تلاشی لینا نہ صرف صحافیوں کے لیے تشویش کا باعث ہے بلکہ اس سے صحافتی اداروں کے تحفظ اور آزادی کے حوالے سے بھی سنجیدہ سوالات پیدا ہوتے ہیں،کاشف الدین سید نے کہا ہے کہ خیبر یونین آف جرنلسٹس آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور صحافتی اداروں کے وقار پر یقین رکھتی ہے اور لنڈی کوتل پریس کلب کے صحافیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے،صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران ہراساں کرنے، خوف و ہراس میں مبتلا کرنے یا دباؤ ڈالنے کے کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جا سکتا،خیبر یونین آف جرنلسٹس کے رہنماؤں نے گورنر خیبر پختونخوا، اور متعلقہ انتظامی و پولیس سربراہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کرپریس کلب میں داخل ہونے والے افراد کی شناخت کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں