ehed saaz adakaar dilip kumar ki yaad taziati reference

عہد ساز اداکار دلیپ کمار کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

لاہور پریس کلب کلچرل کمیٹی کے زیر اہتمام عہد ساز اداکار دلیپ کمار کی یاد میں گورنرہاﺅس لاہور میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورمہمان خصوصی تھے جبکہ لاہور کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر جاوید فاروقی، سیکرٹری زاہدچوہدری، جوائٹ سیکرٹری خواجہ نصیر،لاہور پریس کلب کلچرل کمیٹی کے چیئرمین نعیم حنیف ، مشفق راٹھور ، فرزانہ چوہدری ، مروہ انصر ، پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار غلام محی الدین،شاہد حمید ،سید نور،توقیر ناصر،معمر رانا، مسز معمر رانا،، گلوکار عارف لوہار،میاں اسد احسان سمیت دیگر نامور افراد نے شرکت کی۔تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض نعیم حنیف نے اداکئے ۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم بہت بڑے انسان کی یاد میں گورنر ہاﺅس میں اکٹھے ہیں،پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو دلیپ کمار سے بہت محبت ہے اور یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔انھوںنے کہاکہ میں نے دلیپ کمار کے ساتھ آدھا دن گزارا اور بہت کچھ سیکھا،دلیپ صاحب نے اپنی محبت سے لوگوں کے دل جیتے،وہ بہترین اداکار کے ساتھ ساتھ بولنے کابھی فن رکھتے تھے، بلاشبہ وہ دنیا بھر کی فنکار برادری کے لئے رول ماڈل تھے ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں کوویڈ کی وجہ سے فلم انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی جس سے حکومت پوری طرح آگاہ ہے اور ہم جلد ہی فنکار برادری کے ذمہ داروں سے ملکر فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے اقدامات کریں گے۔ ان کا کہناتھاکہ دنیا انہیں کو یاد رکھتی ہے جو انسانیت کی خدمت کرتی ہے۔تقریب میں دلیپ کمار کی زندگی اور فنی سفر کے حوالے سے ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی جبکہ ویڈیو کلب کے ذریعے پاکستان اور ہندوستان کے فنکار شتروگھن سہنا، راحت فتح علی خان، شان، رضا مراداور دھرمندر نے مرحوم دلیپ کمار، ان کی اداکاری اور انسانیت کے لئے ان کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پرتعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہناتھاکہ دلیپ کمار صحیح معنوں میں ہمارے لئے رول ماڈل تھے،دلیپ کمار ہمارے دلوں میں ہمیشہ راج کریں گے ،وہ ہمارے لئے اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے ، علم کبھی پرانا نہیں ہوتا، جہاں سے ملے سیکھنا چاہیے،دلیپ کمارکے بارے میں کچھ کہنا سمندر کوکوزے میں بند کرنا ہے،دلیپ کمار کی ایکٹنگ سے ہم نے بہت سیکھا،دلیپ صاحب کا کام اور نام دونوں زندہ رہیں گے ،دلیپ کمار ایسی شخصیت تھے جنھیں سرحدیں بھی قید نہ کر سکیں،جو پیار دلیپ کمار نے ہمیں دیا ہم بھی ان کے پیار اور محبت کی یاد میں گورنر ہاوس میں موجود ہیں،وہ ہمارے دلوں میں رہتے ہیں، ان کو ہر فلم میں نئے انداز اور روپ میں دیکھا،وہ کردارمیںڈوب کر کام کرتے تھے، ہر پروڈیوسر چاہتا تھا کہ دلیپ صاحب ہماری فلم میں کام کرے لیکن انھوں نے مقدار کی بجائے کوالٹی کو ترجیح دی، اپنے کیریئر کے دوران ایک ہزار کی بجائے صرف پینسٹھ فلموں میں کام کیااورادکاری کے بہترین جوہردکھاکر ہمیشہ کے لئے تاریخ میں امر ہوگئے،ہم دلیپ کمار کی فنی خدمات کو سراہتے ہیں، دلیپ کمار میں دوسروں کو متاثر کرنے کی حیران کن خوبی تھی،وہ حوصلہ مند تھے، خود کو سستا نہیں بیچا، وہ بڑے تھے اور بڑے رہیں گے انسانیت کے لئے ان کی خدمات کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے شاندار تقریب کے انعقاد پر کلچرل کمیٹی کے چیئرمین نعیم حنیف اور ان کی ٹیم کو کاوشوں کو سراہا اور گورنر ہاﺅس میں تعزیتی ریفرنس کے انعقاد پر گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور اور ان کے سٹاف کاشکریہ ادا کیا

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں