پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ اور سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی کو قانونی نوٹس بھجوائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق اور صحافتی اداروں سے متعلق معاملات کو قانونی محاذ آرائی کے بجائے باہمی مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔ صحافیوں کی منتخب تنظیموں اور پریس کلبوں کے عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ میڈیا ورکرز کے مسائل اور تحفظات اجاگر کریں، اس لیے کسی قانونی کارروائی سے ان کی آواز دبانے کا تاثر پیدا نہیں ہونا چاہیے۔افضل بٹ اور ارشد انصاری نے کہا کہ جنگ جیو گروپ ملک کا ایک اہم صحافتی ادارہ ہے جبکہ کراچی پریس کلب آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ دونوں اداروں کے درمیان محاذ آرائی صحافتی برادری کے مفاد میں نہیں اور نہ ہی اس سے مسائل کے حل میں کوئی مدد ملے گی۔انہوں نے میر شکیل الرحمٰن کو تجویز دی کہ وہ صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی کو بھجوایا گیا قانونی نوٹس واپس لے کر کراچی پریس کلب کی منتخب قیادت کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کا آغاز کریں۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اس معاملے کے باوقار اور خوش اسلوب حل کے لیے ثالثی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔پی ایف یو جے کے صدر اور سیکریٹری جنرل نے فاضل جمیلی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ورکرز کے جائز حقوق، آزادیٔ صحافت اور آزادیٔ اظہارِ رائے کا تحفظ صحافتی تنظیموں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
12
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل