bol ne pemra ke ehkamaat hawa mein uradiye

بول نیوزکو اشتہارات روکنے کے حکم پر عملدرآمدکا مطالبہ۔۔

 کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے)کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں ملازمین کے 40کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی پر بول نیوز کے ٹی وی اشتہارات روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔کے یو جے کے راہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں وفاقی وزیراطلاعات عطاء محمدتارڑ، سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ پیمرا کی جانب سے میسرز لبیک (پرائیویٹ) لمیٹڈ /  بول نیوز کے ٹی وی اشتہارات بند کئے جانے کے فیصلےپر عمل درآمد کرتے ہوئے نہ صرف بول نیوز کو سرکاری اشتہارات کا اجراء روکیں بلکہ اشتہاری ایجنسیوں اور نجی تجارتی و کاروباری اداروں کو بھی پابند کریں کہ وہ بھی پیمرا کے اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے بول نیوز کو اشتہارات جاری نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم منتظر تھے کہ حکومت 19نومبر 2024  ء کو پیمرا کی جانب سے بول نیوز کو جاری کئے گئے تیسرے اور حتمی نوٹس پر کارروائی کرتے ہوئے بول نیوز کے اشتہارات بند کردے گی، مگر ایسا نہیں ہوا! جب کہ مذکورہ ادارے کے ذمے 2015ء سے اب تک پورے پاکستان میں موجود اس کے 375ملازمین کے 40کروڑ، 17لاکھ،49ہزار، 4سو52روپے واجب الادا ہیں، جن میں سے صرف کراچی میں موجود ملازمین کے 10کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔انہوں نے وفاقی، پنجاب، سندھ، خیبر پختون خواہ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بول نیوز کے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے پیمرا کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں