ارشد انصاری کا فیزٹوممبران کے نام کھلا خط۔۔۔۔ 107

ارشد انصاری کا فیزٹوممبران کے نام کھلا خط۔۔۔۔

السلام علیکم!معزز فیز ٹو ممبران ۔۔
میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ جمعہ کا مبارک دن آپ سب کے لئے خوشی لے کر آئے گا تو اللہ کے فضل سے جمعہ مبارک ہوا۔ فیز ٹو ممبران کی لسٹ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے روڈا کو پہنچ گئی ہے ۔ مورخہ 21 ستمبر بروز سوموار کو عظمی بخاری صاحبہ وزیر اطلاعات پنجاب کی سربراہی میں ممبران کی حتمی سکروٹنی کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب، ڈی جی پی آر، ملک کے نامور سول ایوارڈ یافتہ صحافی مجیب الرحمن شامی، سلمان غنی اور میں شریک ہوئے ۔ اس میٹنگ میں سکروٹنی کے عمل پر طویل بحث ہوئی، یہاں ان صحافیوں کا بھی مقدمہ لڑا جن کے لئے 2025 میں میں نے آواز اٹھائی تھی کہ اگر ان کے پاس پریس کلب کی ممبر شپ نہیں تو بھی وہ صحافی ہیں انہیں بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے۔ جس میں اللہ کے فضل سے ہم مکمل کامیاب ہوئے بعدازاں میٹنگ منٹس تیار کئے گئے جس پر عظمی بخاری صاحبہ سمیت تمام ممبران کے دستخط ہوئے۔ جس کے بعد فیز ٹو ممبران کی حتمی لسٹ PJHF کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو بھجوا دی گئی جنہوں نےحتمی لسٹ
لیٹر نمبر AD(ADMN)PJHF-BODs(Vol-l)
کے ساتھ مورخہ 23 ستمبر 2026 بروز بدھ کو روڈا کے ڈائریکٹر پی آر اینڈ کمیونیکیشن کرنل (ر) عابد کو فراہم کر دی ۔ یہ سب سے بڑا کام تھا جس کے بعد الاٹمنٹ لیٹرز کا عمل شروع ہونا تھا ممبران فیز ٹو اور الاٹمنٹ لیٹرز کے درمیان یہی مشکل اور طویل مرحلہ تھا جو اللہ کے فضل سے الحمدللہ پایہ تکمیل کو پہنچا ۔ اب ان شاء اللہ اس ضمن میں28 ستمبر بروز سوموار کو روڈا کے دفتر میں ایک اہم اجلاس ہو گا جس کے بعد تمام فیز ٹو ممبران کو روڈا کے دفتر میں بلایا جائے گا جہاں آپ کے بائیو میٹرک کے ساتھ تصاویر لی جائیں گی تمام ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ ہو گا تاکہ ممبران کو مستقبل میں کسی طرح کی خرابی اور پریشانی نہ ہو ۔ اس کے بعد لیٹرز اور اقساط کا عمل شروع ہو گا۔ یاد رہے کہ فیز ٹو J بلاک کے نام سے چہار باغ میں واقع ہے اور یہ تین سالہ منصوبہ ہے۔ ان شاء اللہ ہم ہر صورت اس منصوبہ کی تکمیل طے کی گئی مقررہ مدت میں ہی کروائیں گے۔ آپ کے پلاٹ کی ماہانہ قسط 15 ہزار روپے ہے 30 فیصد ادائیگی پر آپ کو الاٹمنٹ لیٹر پر پلاٹ نمبر دیا جائے گا اور 50 فیصد ادائیگی پر آپ کو گھر کی تعمیر کے لئے قبضہ دے دیا جائے گا۔ میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم جھوٹ، بہتان اور کھوکھلے دعوے نہیں کرتے جرنلسٹ گروپ ہمیشہ سچ کہتا ہے اور ہم کام کرتے ہیں ۔ ان شاء اللہ اللہ کے فضل سے فیز ٹو کا یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا ہم اس پر سیاست نہیں کرتے اور نہ ہی اس پر کسی کو سیاست کرنے دیں گے۔ میں یہ بھی یاد کروا دوں کہ مسلمان کے لئے مایوسی کفر ہے لہذا ہرگز مایوس نہ ہوں اللہ پر بھروسہ رکھیں اللہ نے مجھ پر آپ کے گھروں کی ذمہ داری ڈالی ہے تو میں ان شاء اللہ اپنے اللہ کے فضل سے اسے مکمل کرواوں گا تاکہ میں اپنے رب کے حضور سرخرو ہو سکوں۔ ہم ان کے لئے بھی دعا گو ہیں جو مایوس ہیں کہ اللہ انہیں ہدایت دے ۔
آخر میں میں نان ممبران کے حوالے سے بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے ان کا مقدمہ بھی بھرپور لڑا ہے کیونکہ وہ بھی ہمارے صحافی ساتھی ہیں ان کی لسٹ پر DGPR سکروٹنی کمیٹی جلد کام مکمل کر لے گی اور جلد وہ لسٹ بھی روڈا کے حوالے کر دی جائے گی۔ آپ کا بھائی،ارشد انصاری۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں