پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن (ایچ آر سی پی) نے پنجاب اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کیے گئے ’دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس 2026‘ کو ’فنکارانہ آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کے حق کی سنگین خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔جمعرات کو ایک بیان میں ایچ آر سی پی کا کہنا تھا کہ یہ بل ’عملاً حکومت کو طنز و تنقید سے بالاتر بنا دیتا ہے‘ اور اس کا مقصد ایسے ’فنون لطیفہ کے مظاہروں پر پابندی لگانا ہے‘ جو ’حکومت مخالف‘ تصور کیے جاتے ہیں۔خیال رہے گذشتہ روز پنجاب اسمبلی نے ’دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس’ بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا، جس کے تحت صوبے میں فنکاروں کی رجسٹریشن، سکرپٹ کی پیشگی منظوری، تھیٹرز کے لائسنس اور پرفارمنسز کی نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔نئے قانون کے تحت اس میں متعین کردہ ضابطوں کی خلاف ورزی پر نہ صرف لاکھوں روپے کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ چھ ماہ تک کی قید بھی بھگتنی پڑ سکتی ہے۔
نئے قانون کے مسودے کے تحت ایسے ڈراموں یا پرفارمنسز کی اجازت نہیں ہوگی جو ’فحش‘، ’ہتک آمیز‘، ’مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی‘، ’نفرت کو ہوا دینے والی‘ یا حکومت کے خلاف نفرت پیدا کرنے والی تصور کی جائیں۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے اراکین اور سوشل میڈیا پر متعدد شخصیات نے بھی ’دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس‘ بل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اسے ’فن اور آرٹ کو مکمل سرکاری کنٹرول‘ میں رکھنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ایچ آر سی پی کے بیان میں بھی ایسا ہی مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لازمی لائسنسنگ، حکومتی سطح پر سکرپٹس کی جانچ پڑتال اور سنسرشپ جیسے اقدامات، جن کی خلاف ورزی پر جرمانے اور قید کی سزائیں بھی تجویز کی گئی ہیں، فنکارانہ اظہار پر ریاستی کنٹرول کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ایچ آر سی پی فنکاروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس منعقد کرے گا تاکہ بل کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے اور فنکارانہ و ثقافتی آزادیوں کے تحفظ کے لیے آئندہ کی حکمتِ عملی پر غور کیا جا سکے۔
اس نئے قانون کے تحت فنکاروں کی رجسٹریشن، سکرپٹ کی پیشگی منظوری، تھیٹرز کے لائسنس اور پرفارمنسز کی مسلسل نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔پنجاب اسمبلی میں پیش کیے گئے ’پنجاب ڈرامیٹک اینڈ ٹھیٹریکل پرفارمنسز بل‘ کے مطابق صوبے میں کوئی بھی ڈرامہ یا تھیٹر پرفارمنس اس وقت تک منعقد نہیں کی جا سکے گی جب تک اس کے لیے سرکاری لائسنس حاصل نہ کیا جائے اور اس کا سکرپٹ متعلقہ حکام سے منظور نہ ہو۔اس قانون کے تحت حکومت ایک یا ایک سے زیادہ سکرپٹ ریویو کمیٹیاں قائم کرے گی جو ڈراموں اور تھیٹر پرفارمنسز کے سکرپٹس کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کریں گی۔ کسی بھی پروگرام کے انعقاد سے کم از کم 15 روز قبل سکرپٹ کمیٹی کو بھجوانا لازمی ہوگا۔قانون میں کہا گیا ہے کہ ایسے ڈراموں یا پرفارمنسز کی اجازت نہیں ہوگی جو ’فحش‘، ’ہتک آمیز‘، ’مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی‘، ’نفرت کو ہوا دینے والی‘ یا حکومت کے خلاف نفرت یا بیزاری پیدا کرنے والی تصور کی جائیں۔پنجاب اسمبلی میں منظور کیے گئے بل کے مطابق تھیٹر یا ڈرامے میں حصہ لینے والے تمام فنکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، کوریوگرافرز اور دیگر متعلقہ افراد کو سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہونا ہوگا۔ غیر رجسٹرڈ فنکار کسی پرفارمنس میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
64