پریس کلب کی لائبریری کیلئے سینئر صحافی راشد لطیف کی جانب سے 40 کتابوں کا عطیہ۔۔۔ 34

پریس کلب کی لائبریری کیلئے سینئر صحافی راشد لطیف کی جانب سے 40 کتابوں کا عطیہ۔۔۔

کراچی پریس کلب کی لائبریری کیلئے کراچی پریس کلب کے ممبر اور سینئر صحافی راشد لطیف نے مختلف موضوعات پر 40 کتابیں عطیہ کی ہیں ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب بدھ کو کراچی پریس کلب کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی جس میں راشد لطیف نے کلب کے سیکرٹری اسلم خان اور جوائنٹ سیکرٹری محمد فاروق سمیع اور لائبریری کمیٹی کے سیکرٹری عبدالرزاق ابڑو کو 40 کتابوں کا عطیہ پیش کیا۔ سیکرٹری محمد اسلم خان نے راشد لطیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ اقدام انتہائی خوش کن ہے ۔ مختلف موضوعات پر یہ کتابیں کلب اراکین کو مطالعے کیلئے دستیاب ہوں گی اور ان کی معلومات میں اضافے کا سبب بنیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کیلئے کتب بینی اہمیت کی حامل ہے ۔کتابوں کا عطیہ دراصل علم، روشنی اور شعور کا عطیہ ہے جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوتے ہیں ۔ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں کتابوں کے مطالعے کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔عبدالرزاق ابڑو نے بھی راشد لطیف کےجذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اس عطیے سے لائبریری میں کتابوں کے ذخیرے میں گرانقدر اضافہ ہوا ہے اور ان سے ہمارے اراکین استفادہ کریں گے۔ سینئر رکن ڈاکٹر عبدالجبار خان نے ای لائبریری کے قیام کی تجویز دی جس پر سیکرٹری اسلم خان نے کہا کہ اس حوالے سے انشا اللہ کام کیا جائے گا ۔ اس موقع پر راشد لطیف نے اپنی دو تصانیف بھی تقسیم کیں۔راشد لطیف نے اس موقع پر کہا کہ کراچی پریس کلب ہمارا دوسرا گھر ہے جہاں ہمیں آکر دوستوں سے ملنے کا موقع ملتا ہے اور ہم سکون اور فرحت حاصل کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ کتابوں کا یہ عطیہ ایک ادنی سا تحفہ ہے ہم کو اپنے کلب کے لیے اپنی اپنی کاوشیں کرنا چاہیں ۔تقریب میں سابق صدر سعید سربازی‘ نصیر احمد ‘سراج احمد ‘سہیل دانش ‘کے یوجے دستور کے سیکرٹری ریحان چشتی‘سید وزیر علی قادری ‘ نور محمد کلہوڑو ‘ نظام صدیقی ‘ طارق اسلم ‘ سعید قریشی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں