10 سے 12 نومبر تک سندھ بھر کے پریس کلبوں کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان۔۔۔ 10

10 سے 12 نومبر تک سندھ بھر کے پریس کلبوں کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان۔۔۔

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوٹری میں مبینہ طور پر بے گناہ قتل کیے گئے نوجوان دلشیر برفت کے قتل، صحافی باریجو برادران کے خلاف درج مقدمات، ان کے گھروں پر پولیس کے چھاپوں، خواتین کی مبینہ تذلیل اور جامشورو پولیس کی مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی سینئر نائب صدر خالد کھوکھر نے کی، جبکہ پی ایف یو جے کے مرکزی رہنما لالا رحمان سموں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں کوٹری میں نوجوان دلشیر برفت کے قتل، جامشورو کی عدالت کے احاطے میں صحافی عظیم باریجو پر حملے، صحافی باریجو برادران کے گھروں پر پولیس کی چڑھائی، خواتین کی مبینہ تذلیل، انتقامی کارروائیوں کے تحت گرفتاریوں اور جامشورو پولیس کی مبینہ غنڈہ گردی کے واقعات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں 10 نومبر سے 12 نومبر تک مسلسل تین روز حیدرآباد پریس کلب اور بدین پریس کلب سمیت سندھ بھر کے پریس کلبوں کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی، تاکہ کوٹری واقعے اور صحافیوں کے خلاف مبینہ پولیس گردی پر عدالتی تحقیقات اور انصاف کے مطالبے کو موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 10 اور 11 نومبر کو کراچی پریس کلب کے سامنے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے قائم بھوک ہڑتالی کیمپ میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کا خصوصی وفد شرکت کرے گا اور پی ایف یو جے کے مرکزی رہنماؤں اور مرکزی تنظیم کو کوٹری واقعے کی مکمل صورتحال سے آگاہ کرے گا۔ اس موقع پر اجلاس میں ایک مرتبہ پھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور محکمہ اطلاعات سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کوٹری واقعے کا فوری نوٹس لیں اور واقعے کی اصل وجوہات اور تمام پہلوؤں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے سندھ ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کریں، تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے، ان کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور پولیس گردی کا سلسلہ بند کیا جائے اور تمام واقعات کی شفاف تحقیقات کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ دوسری جانب حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس بدین ڈسٹرکٹ یونٹ کی جانب سے بدین پریس کلب اور ایوان صحافت بدين کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا جائے گا جس میں ایچ یو جے ، بدین پریس کلب اور ایوان صحافت بدين کے عہدیدران اور صحافی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے .

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں