پاکستانی صحافی ہارون جنجوعہ نے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے نامہ نگاروں کی تنظیم یونائیٹڈ نیشنز کرسپانڈنٹس ایسوسی ایشن (UNCA) کا معتبر صحافتی اعزاز الزبتھ نیوفر میموریل پرائز 2026 جیت لیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز پاکستان سے افغان مہاجرین کی ملک بدری، متاثرہ خاندانوں کی مشکلات اور اس عمل کے انسانی اثرات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے والی تحقیقاتی نوعیت کی رپورٹنگ کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہارون جنجوعہ نے جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے (DW) کے لیے 8 نومبر 2025 کو ایک خصوصی رپورٹ بعنوان Pakistan: Lives of exiled Afghans crushed in Taliban row تیار کی تھی، جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران افغان پناہ گزینوں کو درپیش مشکلات اور بے دخلی کے انسانی نتائج کو تفصیل سے بیان کیا گیا تھا۔رپورٹ میں پاک افغان سرحد کے قریب چمن کے علاقے میں مقیم ایسے افغان خاندانوں کے حالات پیش کیے گئے جو کئی دہائیوں سے پاکستان میں رہائش پذیر تھے، تاہم ملک بدری کی پالیسی کے باعث انہیں اپنا گھر بار، روزگار اور برسوں سے قائم سماجی تعلقات چھوڑ کر افغانستان واپس جانے کی صورت حال کا سامنا تھا۔ہارون جنجوعہ نے اپنی رپورٹ میں ایسے بچوں کی مشکلات کو بھی اجاگر کیا جن کی تعلیم متاثر ہوئی، جبکہ خواتین کو افغانستان میں طالبان کی پابندیوں کے باعث تعلیم، ملازمت اور بنیادی حقوق کے حوالے سے غیر یقینی مستقبل کا سامنا تھا۔ رپورٹ میں ایک افغان میڈیکل طالبہ کی کہانی بھی شامل تھی جسے حالات کے باعث اپنی تعلیم ترک کرنا پڑی۔
اس رپورٹ کے ذریعے ان خاندانوں کی مشکلات کو نمایاں کیا گیا جو پاکستان میں پیدا ہوئے اور یہیں پروان چڑھے، لیکن اب انہیں ایسے ملک واپس جانا پڑ رہا تھا جہاں ان کی زندگی کے بنیادی سماجی اور معاشی روابط موجود نہیں تھے۔ الزبتھ نیوفر میموریل پرائز اقوام متحدہ، اس کے ذیلی اداروں اور عالمی انسانی مسائل سے متعلق نمایاں تحریری اور آن لائن صحافت کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ معروف امریکی صحافی الزبتھ نیوفر کی یاد میں قائم کیا گیا تھا، جو امریکی اخبار دی بوسٹن گلوب سے وابستہ تھیں اور 2003 میں عراق میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے انتقال کر گئی تھیں۔ اس ایوارڈ کو الیگزینڈر بوڈینی فاؤنڈیشن کی معاونت حاصل ہے۔
ہارون جنجوعہ گزشتہ 15 برس سے زائد عرصے سے پاکستان، افغانستان اور ایران سمیت جنوبی ایشیا کے اہم سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے معاملات پر رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ ان کی رپورٹس دنیا کے ممتاز اخبارات اور نشریاتی اداروں، جن میں نیویارک ٹائمز، دی گارڈین، بی بی سی ورلڈ سروس، ڈوئچے ویلے، دی ٹائمز، نکی ایشیا اور ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ شامل ہیں، میں شائع اور نشر ہو چکی ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں کہ ہارون جنجوعہ کی صحافتی خدمات کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہو۔ اس سے قبل وہ 2015 میں بھی یو این سی اے ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ اسی سال انہیں ایشیائی معیشت سے متعلق صحافتی خدمات پر آئی ای بزنس اسکول پرائز اور پاپولیشن انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے گلوبل میڈیا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔علاوہ ازیں 2017 میں انہیں ساؤتھ ایشین جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی فیلوشپ اور 2021 میں پلٹزر سینٹر کی جانب سے صحافتی منصوبے کے لیے گرانٹ بھی مل چکی ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ خدمات میں افغان مہاجرین، کابل میں طالبان کی واپسی، مذہبی آزادی، سیاسی جبر، خواتین کے حقوق اور خطے میں جاری تنازعات کے انسانی اثرات جیسے حساس موضوعات نمایاں رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یونائیٹڈ نیشنز کرسپانڈنٹس ایسوسی ایشن کی 30ویں سالانہ ایوارڈز تقریب 3 دسمبر 2026 کو امریکی شہر نیویارک کی پبلک لائبریری میں منعقد ہونا طے ہے، جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت متوقع ہے۔اس تقریب میں بین الاقوامی صحافت، انسانی حقوق اور عالمی امور سے متعلق نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں اور دیگر شخصیات کی خدمات کو سراہا جائے گا۔ہارون جنجوعہ کو ملنے والا یہ اعزاز پاکستانی صحافت کی بین الاقوامی سطح پر ایک اہم کامیابی قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان کی رپورٹنگ نے نہ صرف افغان مہاجرین کو درپیش انسانی مسائل کی جانب عالمی توجہ مبذول کرائی بلکہ یہ بھی واضح کیا کہ تنازعات اور حکومتی فیصلوں سے متاثر ہونے والے عام شہریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کس قدر اہم کردار ادا کرتی ہے۔
7