جہلم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری ۔۔۔ 9

جہلم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری ۔۔۔

وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی جہلم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری میں شرکت، نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل سمیت تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ میڈیا کی ترقی اور اظہار رائے کی آزادی کے جمہوری حق کے حامی ہیں۔پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں صحافت اور صحافیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے، صحافت اور پریس کلبز کی ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔صحافی عوام کے حقیقی مسائل سامنے لانے اور پالیسیوں کی درستگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ خوش نصیبی ہے کہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین کا بیٹا ہوں ،جہلم امن پسند، تعلیم دوست اور ملک کے لیے مرمٹنے والے بہادر اور باصلاحیت لوگوں کا ضلع ہے،اوورسیز پاکستانی خون پسینے کی کمائی والدین کے علاج اور بچوں کی تعلیم کے لیے بھیجتے ہیں۔کمزور طبقات اور علاقے کی جائز ضروریات کے حل کے لیے سب کو ایک دوسرے کا بازو بننا ہوگا۔وزیر مملکت کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جہلم کی صحافتی برادری ہمارے اس پورے نظام اور معاشرے کا اہم حصہ ہے، صحافی فیلڈ میں جا کر عوام کے حقیقی مسائل کو سامنے لاتے ہیں، صحافی ہمارے بازو بنتے ہیں اور صحیح ایکشن لینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اکثر میڈیا سے معاملے کا وہ دوسرا پہلو سامنے آتا ہے جو شاید ہمارے علم میں نہیں ہوتا۔صحافتی برادری جہلم کے غریب اور کمزور طبقات کی توانا آواز بن رہی ہے۔،عہدے پر فائز شخص کی سب سے زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلے۔ قبل ازیں آمد پر جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل نے نومنتخب عہدیداروں اور صحافی برادری کے ہمراہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا خیرمقدم کیا۔۔ جہلم پریس کلب کے صدر نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو روایتی پگڑی بھی پہنائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں