بنیادی انسانی جمہوری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کے یو جے۔۔۔ 47

بنیادی انسانی جمہوری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کے یو جے۔۔۔

3 نومبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب 3 نومبر 2007 کو آمر پرویز مشرف نے جمہوری، صحافتی اور آئینی اداروں پر شب خون مارا، ملک میں ایمرجنسی نافذ کی، ججز کو پابند سلاسل کیا اور میڈیا پر پابندی عائد کی۔اسی دن کی مناسبت سے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان اور جنرل سیکرٹری سردار لیاقت نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ آج ملک میں جو صورتحال ہے وہ بھی 3 نومبر 2007 سے کم نہیں ہے۔ ایک صوبے کی جمہوری حکومت کو ہٹا کر گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ ہے، ملک کے بعض علاقوں میں میڈیا بلیک آؤٹ ہے، سچ سننا اور دیکھنا جرم بن گیا ہے، سچ کی آواز کو پیکا جیسے کالے قوانین سے دبایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید کالے قوانین بنانے کی بازگشت ہے، آزاد کشمیر میں 5 ماہ سے انٹرنیٹ کی بندش ہے، بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کی صدائیں ملک اور بیرون ملک سے اٹھ رہی ہیں، لوکل میڈیا کو اعلانیہ و غیر اعلانیہ سنسرشپ کا سامنا ہے اور صحافیوں کے خلاف مقدمات قائم کرنے اور نوٹسز کے ذریعے ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 نومبر یوم سیاہ کے موقع پر ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ بنیادی انسانی، جمہوری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ماضی کی شاندار روایات کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے بینر تلے کراچی یونین آف جرنلسٹس ہر آمرانہ، غیر قانونی، غیر آئینی اور میڈیا کی آزادی کے خلاف اٹھنے والے ہر قدم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر تمام جمہوری قوتوں، وکلاء، مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ہم پیکا جیسے قوانین کے خاتمے اور آزادی اظہار رائے جو عام شہریوں کا بنیادی حق ہے، کے خلاف ایسے شرمناک اقدامات کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ 3 نومبر کو یوم سیاہ کے موقع پر کراچی پریس کلب پر بھرپور قوت کا مظاہرہ بھی کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 3 نومبر کے سیاہ دن کے موقع پر شروع ہونے والی پی ایف یو جے کی احتجاجی تحریک انشاء اللہ ضرور کامیاب ہوگی۔تمام صحافی برادری، وکلاء، مزدور، انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی و سماجی کارکنان اور سول سوسائٹی سے شام 4 بجے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اپیل ہے۔یہ مظاہرہ کراچی یونین آف جرنلسٹس، ایپنک، این ٹی یو ایف، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان، پائلر، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ایمنڈ، سی پی این ای اور تمام جمہوری قوتوں کے اشتراک سے ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں