نویں ویج بورڈ کی تشکیل سے متعلق رٹ پٹیشن کی سماعت 17 نومبر کو ہوگی 39

نویں ویج بورڈ کی تشکیل سے متعلق رٹ پٹیشن کی سماعت 17 نومبر کو ہوگی

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اخباری کارکنوں اور میڈیا ورکرز کے لیے نویں ویج بورڈ کی تشکیل سے متعلق دائر رٹ پٹیشن کی آئندہ سماعت 17 نومبر کو ہوگی۔ درخواست پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اسد ملک کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جبکہ شاہد کھوکھر ایڈووکیٹ درخواست گزاروں کی جانب سے مقدمے کی پیروی کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ اور اسد ملک نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نویں ویج بورڈ کی تشکیل حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے، تاہم تاحال اس ذمہ داری کو پورا نہیں کیا گیا، جس کے باعث اخباری کارکنوں اور متعلقہ میڈیا ورکرز کے حقوق اور تنخواہوں سے متعلق اہم معاملہ زیرِ التوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس اہم معاملے پر وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات کو طلب کر رکھا ہے، جبکہ درخواست کی مزید سماعت 17 نومبر کو ہوگی۔اس موقع پر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی، احتشام کیانی، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ایمپلائز یونین کے جوائنٹ سیکرٹری اور نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن مدثر لانگ اور راجہ خیام بھی موجود تھے۔درخواست گزاروں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سماعت کے دوران نویں ویج بورڈ کی تشکیل کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی، جس سے اخباری صنعت سے وابستہ کارکنوں اور متعلقہ میڈیا ورکرز کے دیرینہ مسائل کے حل کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ ویج بورڈ کا بنیادی مقصد اخباری صنعت سے وابستہ کارکنوں کی اجرتوں اور دیگر متعلقہ ملازمتی مراعات کا تعین کرنا ہے۔ نویں ویج بورڈ کی تشکیل کا معاملہ اخباری کارکنوں کے معاشی حقوق کے حوالے سے اہمیت اختیار کر گیا ہے اور صحافتی حلقوں کی نظریں اب 17 نومبر کو ہونے والی عدالتی سماعت پر مرکوز ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں