پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن اور جنرل سیکریٹری سردار لیاقت خان نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) کے نومنتخب صدر اظہر عباس سے ملاقات کی اور انہیں منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر افضل بٹ نے بتایا کہ پی ایف یو جے نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں، ویڈیو جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس کو ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ملک گیر تربیتی پروگرام ترتیب دیا ہے۔ اس سلسلے میں اے آئی کے ایکسپرٹ تین صحافیوں، شیراز حسنات، منصور حیات ملک اور نوید قمر نے تربیت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ پروگرام کے تحت کسی ممتاز بین الاقوامی یونیورسٹی کے اشتراک سے کورسز کرانے کا ارادہ ہے، تاکہ تربیت مکمل کرنے والے صحافی، ویڈیو جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس متعلقہ یونیورسٹی کا سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر سکیں۔ تینوں ماہرین کے مطابق، یہ مہارتیں ان کے لیے عالمی سطح پر روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے وسیع مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔ایمنڈ کے صدر اظہر عباس نے شیراز حسنات، منصور حیات ملک اور نوید قمر کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں، ویڈیو جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس کی اے آئی تربیت کے لیے پی ایف یو جے کے اس پروگرام میں ایمنڈ بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے زور دیا کہ الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں، ویڈیو جرنلسٹس اور پروڈیوسرزکو بھی اے آئی کی تربیت پر فوری توجہ دینی چاہیے، کیونکہ الیکٹرانک میڈیا میں بھی متعلقہ مہارت رکھنے والے افراد کی شدید ضرورت ہے۔ اظہر عباس نے کہا کہ اے آئی کی تربیت ان کی پیشہ ورانہ حیثیت اور ملازمت کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے ساتھ ان کے لیے عالمی سطح پر بھی روزگار کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔
21
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل