کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد سے مبینہ طور پر پولیس وردی میں ملبوس افراد کے ہاتھوں حراست میں لیے جانے والے صحافی رضی طاہر اور محمد سیف کے ٹھکانے کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ نیویارک میں قائم آزادیٔ صحافت کی تنظیم نےاپنے بیان میں کہا کہ دونوں صحافی یکم اگست سے لاپتا ہیں۔ اگر وہ ریاستی اداروں کی تحویل میں ہیں تو حکام کو ان کی حراست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنا چاہیے، انہیں قانون کے مطابق کارروائی اور دفاع کا حق دینا چاہیے اور بلا تاخیر رہا کرنا چاہیے۔ سی پی جے نے بتایا کہ کشمیری صحافی راجہ اکرام، جنہیں مبینہ طور پر اسی روز اسلام آباد میں حراست میں لیا گیا تھا، بعد ازاں رہا کر دیے گئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق رضی طاہر اور محمد سیف کی مسلسل گمشدگی سے پاکستان میں آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ سی پی جے نے حکام پر زور دیا کہ وہ دونوں صحافیوں کی قانونی حیثیت واضح کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی قسم کی حراست ملکی قانون کے مطابق ہو۔
98
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل