پریس کلبز کی مالی معاونت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ صحافی برادری کا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے‘ انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور پریس کلبز کی مالی معاونت وزیراعظم کی دیرینہ خواہش ہے۔ وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ میں خود لکھاری خاندان سے تعلق رکھتا ہوں اس لئے صحافی میرے دل کے زیادہ قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز‘ طبی عملہ اور صحافی بھی قوم کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود صحافیوں کو معاشی تحفظ دینے کیلئے کوشاں ہیں‘ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے‘ صحافیوں کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا آئندہ بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوششیں کرتے رہیں گے۔ صحافیوں اور پریس کلبز کی مالی معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث صحافیوں پر کڑا وقت ہے‘ مگر تحریک انصاف کی حکومت اس مشکل گھڑی میں صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ تقریب میں نیشنل پریس کلب سمیت ملک کے دیگر پریس کلوں کے منتخب عہدیداروں میں چیک تقسیم کئے گئے۔

