ptv ka hit drama ab saudi arab me chalega 406

پی ٹی وی کا ہٹ ڈرامہ اب سعودی عرب میں چلے گا۔۔

پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کا مقبول ترین ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ اب عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں کچھ خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی ڈرامے عربی زبان میں ڈب کرکے سعودیہ عرب میں نشر کیے جائیں گے اور یہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے دورے کے بعد اسلام آباد اور ریاض کے درمیان شروع کردہ ’کلچرل ایکسچینج پروگرام‘ کا ایک حصہ تھا۔اس منصوبے کے تحت پاکستان کے تین مقبول ترین ڈراموں کو شاٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں دھوپ کنارے، تنہائیاں اور آہٹ شامل تھے لیکن سرکاری ٹی وی چینل کے پاس کم بجٹ ہونے کی وجہ سے دو ڈراموں ’تنہائیاں اور آہٹ ‘ کی عربی ڈبنگ تاخیر کا شکار ہوگئی تاہم اس منصوبے کی نگراں ڈاکٹر لبنیٰ فرح کے مطابق ڈرامہ’دھوپ کنارے‘ کی عربی زبان میں ڈبنگ مکمل ہوگئی ہے اور اب یہ ڈرامہ سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔اس ضمن میں پی ٹی وی کنٹرولر بین الاقوامی امور کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دیگر دونوں ڈراموں پر پر کب زیر التوا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا جبکہ پی ٹی وی کی سابقہ بین الاقوامی امور کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر کے مطابق یہ منصوبہ تین سال قبل شروع کیا گیا تھا لیکن فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے یہ منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔دوسری جانب وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ عربی زبان میں ڈب کرکے سعودیہ عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں