کراچی میں رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان وسیع اللہ، محمد فاضل اور محمد رضوان کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ان کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ ہے کہ ان کا تعلق ایم کیو ایم لندن وجیہ کی ٹیم سے ہے جو کہ ایم کیو ایم لندن سے احکامات وصول کرکے کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ترجمان کے مطابق وجیہ گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور فنڈ بھی مہیا کر چکا تھا، ملزمان نے اعتراف کیا کہ قائد ایم کیو ایم (لندن) کے حکم پر ٹیم نے بول نیوزچینل کے اینکر نورالعارفین کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی اس کے علاوہ ٹیم نے وسیم کالا سابقہ ایم پی اے کو بھی ٹارگٹ کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہوا تھا۔۔ ترجمان کے مطابق ملزمان سے مزید انکشافات متوقع ہے، مزید تفتیش کے لئے ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیاگیا۔۔

