وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ جمہوریت کا استحکام میڈیا کی آزادی میں مضمر ہے اور میڈیا کی آزادی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو صحافیوں اور اخباری کارکنوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے وڈیو لنک کے ذریعے ایک کانفرنس میں کیا۔ اس کانفرنس میں افضل بٹ‘ پرویز شوکت‘ نواز رضا‘ بہزاد سلیمی‘ ناصر چشتی‘ آصف علی بھٹی‘ مظہر اقبال‘ اکرام بخاری‘ صدیق انظر اور دیگر شریک تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میڈیا فرینڈلی ہے‘ صحافیوں کے مفادات کا تحفظ میری وزارت کی ذمہ داری ہے اور ہم ایسا ماحول پیدا کر رہے ہیں جس میں میڈیا کی آزادی پر کوئی حرف نہ آئے۔ صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ عید سے قبل صحافیوں اور اخباری کارکنوں کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور سرکاری واجبات کی ادائیگی کو صحافیوں کی تنخواہوں سے مشروط کیا جائے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ کورونا کے حوالے سے حفاظتی اقدامات اور پیکیج وہی ہونا چاہئے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے مخصوص ہے۔
میڈیا کی آزادی اولین ترجیح ہے، شبلی فراز۔۔
Facebook Comments
