وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ صحافیوں کے مفادات کے خلاف کبھی میں یا عمران خان سوچ بھی نہیں سکتے۔شبلی فراز نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ صحافی عمران خان کے وزیراعظم بننے تک کے دور میں ہر اول دستہ کے طور پر ہمارا ساتھ نبھاتے رہے ۔وزیر اطلاعات کا صحافی نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں کہنا تھا کہ آپ کے مطالبات کی منظوری یقینی بنائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ عید سے قبل صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی کا بڑا حصہ ادا ہو جائے ۔شبلی فراز کا کہنا تھاکہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرتے رہیں گے۔وزیر اطلاعات کا یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ یوم آزادی صحافت پر قلم کی حرمت کے لیے لازوال قربانیاں دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آزادی اظہار مہذب جمہوری معاشرے کی اساس اور انسان کا بنیادی حق ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اظہار رائے کے بنیادی، آئینی اور قانونی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ دار پریس معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے چیلنج دیا ہے کہ آئندہ برس پریس فریڈم انڈیکس کی رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئے گی۔جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وہ صحافتی برادری اور اسی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے چیلنج کیا کہ جب اگلے سال فریڈم انڈیکس کی رپورٹ سامنے آئی تو پاکستان کی درجہ بندی بہت بہتر ہوگی۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ان کے دورِ وزارت میں اس ایشو پر زیادہ کام ہوگا۔
صحافیوں کے خلاف کبھی سوچ بھی نہیں سکتے، شبلی فراز۔۔
Facebook Comments
