لوکل گورمنٹ رپورٹر ایسوسی ایشن کے پہلے انتخابات میں ڈیموکریٹ پینل نے کلین سوئپ کرلیا۔۔ کراچی میں لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے گزشتہ روز ہونے والے الیکشن میں ڈیموکریٹس پینل نے تمام سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی، الیکشن کمشنر ڈاکٹر توصیف احمد خان کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق صدرکے عہدے پر سلیمان سعادت خان، جنرل سیکرٹری محمد علی حفیظ، نائب صدر افضل پرویز، جوائنٹ سیکرٹری فرید عالم، راشد صدیقی خازن جب کہ گورننگ باڈی میں طلحہ مخدوم، سہیل رب خان، حفیظ انصاری، شعیب مختیار اور بشیر جت شامل ہیں، جیتنے والے امیدواروں کاکہنا ہے کہ بلدیاتی رپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے کام کریں گے۔۔ دریں اثنا کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایل جی آر اے) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کے پہلے انتخابات صحافتی برادری میں جمہوری روایات کے فروغ کی خوش آئند مثال ہیں کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ بلدیاتی امور پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو ایک منظم اور مضبوط پلیٹ فارم میسر آنا مثبت پیش رفت ہے، جس سے شہری مسائل، بلدیاتی نظام اور عوامی معاملات کو موثر انداز میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔کراچی پریس کلب نے نومنتخب صدر سلیمان سعادت خان، جنرل سیکرٹری محمد علی حفیظ اور دیگر عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور اراکین کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صحافتی اداروں اور تنظیموں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ آزادی صحافت، پیشہ ورانہ اقدار اور شہر کے اہم مسائل کو موثر انداز میں سامنے لایا جا سکے۔
