کے یو جے دستور کا آج ٹی وی کے دفتر کے باہر احتجاج۔۔ 16

کے یو جے دستور کا آج ٹی وی کے دفتر کے باہر احتجاج۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آج ٹی وی کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں صحافی تنظیموں، کے یو جے برنا،کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن، لوکل گورنمنٹ باڈیز ایسوسی ایشن، اے سی جے، پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس اینڈ رائٹرز ایوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت صحافیوں، کیمرہ مینوں، فوٹو جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرے کی قیادت کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، جنرل سیکرٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ کے ارکان نے کی، اس موقع پر مظاہرین نے آج ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں میں تاخیر اور غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی،مظاہرے سے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان ،جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع،سی آر اے کے صدر سمیر قریشی ،سیکریٹری ندیم احمد، لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کےسیکریٹری محمدعلی حفیظ،پی ایس جے اے کے سیکریٹری اصغر عظیم، اے سی جےکے صدر دانش شکیل، سیکریٹری یوسف سلطانی،سینئر صحافی جاوید چوھدری سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا ، صحافی تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب میں کہا کہ آج ٹی وی سمیت کئی چینلز میں کارکنوں کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے، جو آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے ہم کسی بھی ادارے میں صحافیوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، صدر نصراللہ چوہدری اور ریحان خان چشتی نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور تمام صحافتی تنظیموں کو ساتھ لے کر ملک گیر تحریک چلائی جائے گی، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، بہت جلد برسوں سے تنخواہ نہ بڑھانے والے میڈیا مالکان کا گھیراو کرینگے، مظاہرے میں شریک صحافیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "برطرفیاں بند کرو"، "مزدور دشمن پالیسی نامنظور" اور "صحافی اتحاد زندہ باد" کے نعرے درج تھے،مظاہرے کے دوران آج ٹی وی انتظامیہ نے مذاکرات کی دعوت دی، کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری اور سیکریٹری ریحان چشتی کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی نے سیکریٹری پریس کلب اسلم خان اور دیگر کے ہمراہ آج ٹی وی کے ڈائریکٹر فنانس حماد سے مذاکرات کئے ، آج ٹی وی کی انتظامیہ نے نومبر کے مہینے میں دو تنخواہیں جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی جبکہ دو تنخواہیں دسمبر میں ادا کی جائیں گی، مذاکرات کے بعد مظاہرین سے خطاب میں کے یو جے کے رہنماوں نے کہا کہ اگر آج ٹی وی نے اپنے وعدے پر عمل نہ کیا تو 16 نومبر کو پھر آج ٹی وی کے باہر دھرنا دیا جائے گا، جبکہ سنو ٹی وی، ایک نیوز ،امت اخبار سمیت دیگر اداروں میں بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے، کے یو جے دستور کے رہنماوں نے کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنے والے اداروں کے مالکان کے گھروں کے باہر بھی دھرنے دیئے جائیں گے،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں