وفاقی آئینی عدالت میں عدالتی رپورٹرز کے داخلے پر غیر اعلانیہ پابندی 16

وفاقی آئینی عدالت میں عدالتی رپورٹرز کے داخلے پر غیر اعلانیہ پابندی

وفاقی آئینی عدالت میں عدالتی کارروائی کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے داخلے پر سکیورٹی کلیئرنس کے بغیر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی گئی، جس کے باعث عدالتی رپورٹرز کو گزشتہ دو روز سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق عدالت میں عدالتی کارروائی کی کوریج کے لیے آنے والے صحافیوں کو سکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے کی صورت میں داخلے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ اس حوالے سے صحافیوں کو کوئی واضح یا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی فراہم نہیں کیا گیا۔صحافیوں کا کہنا ہے کہ عدالتی کارروائی کی کوریج کے لیے روزانہ عدالت آنے والے رپورٹرز کو اچانک نئی سکیورٹی شرائط کا سامنا ہے، جس کے باعث انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔عدالتی رپورٹرز کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس سے متعلق طریقہ کار، درخواست کے مراحل اور پابندی کی وجوہات کے بارے میں بھی انہیں واضح طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران متعدد صحافیوں کو عدالت میں داخلے کے حوالے سے مشکلات پیش آئیں، جس کے باعث عدالتی کارروائی کی بروقت کوریج متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔صحافتی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی رپورٹنگ سے وابستہ صحافیوں کے لیے سکیورٹی کلیئرنس کا واضح، شفاف اور باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا جائے اور انہیں پیشگی طور پر تمام ضروری ضوابط سے آگاہ کیا جائے۔دوسری جانب پابندی کے حوالے سے وفاقی آئینی عدالت یا متعلقہ سکیورٹی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں