کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلسِ عاملہ نے کراچی پریس کلب کے رکن رضی اللہ کے گھر میں ہونے والی چوری کی واردات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں عہدیداروں نے کہا کہ واردات سیکٹر 36 اے، نیو لیاری ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ، سرجانی ٹاؤن میں پیش آئی، جس نے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ صحافتی برادری میں بھی عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے-انہوں نے کہا کہ ایک صحافی کے گھر میں چوری کی واردات شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال پر سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہے۔ مزید تشویش ناک امر یہ ہے کہ مبینہ طور پر چور کی نشاندہی ہونے کے باوجود تاحال گرفتاری عمل میں نہ آنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے-کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں، متعلقہ تھانے کو چوری کی واردات کی ایف آئی آر درج کرنے اور شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کی ہدایت دیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ صحافیوں میں پائے جانے والے عدم تحفظ کے احساس کا خاتمہ ہو اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کے سدباب اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
195
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل