تنخواہوں،واجبات کی ادائیگی روکنا قبول نہیں،سخت ردعمل کا عندیہ۔۔۔ 13

تنخواہوں،واجبات کی ادائیگی روکنا قبول نہیں،سخت ردعمل کا عندیہ۔۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے مجلس عاملہ کے اجلاس میں اراکین نے ٹی وی چینلز میں تین سے چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا، کراچی پریس کلب میں صدر کے یو جے دستور نصراللہ چوہدری کی صدارت میں اجلاس سیکریٹری ریحان چشتی سمیت باڈی اراکین نے شرکت کی،اجلاس میں میڈیا ہاوسز میں کام کرنے والے ورکز کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ساتھ ہی سخت ردعمل کا عندیہ بھی دیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ کے یو جے دستور تنخواہوں ک عدم ادائیگی اور جبری برطرفی کے خلاف مرحلہ وار احتجاج کا دائرہ وسیع کریگی،کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چودھری نے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں کئی ماہ تک تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ اجرت کسی بھی ملازم کا بنیادی حق ہے اور میڈیا اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے طویل عرصے تک واجبات کی ادائیگی روکنا ناقابل قبول ہے۔یونین نے مختلف ٹی وی چینلز کی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کی کئی ماہ سے زیرِ التوا تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں اور آئندہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔اگر متاثرہ ملازمین کی تمام زیرِ التوا تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو کے یو جے دستور صحافی برادری کے ساتھ مل کر متعلقہ میڈیا اداروں کے دفاتر کے باہر احتجاج، مظاہروں اور دیگر قانونی و جمہوری طریقۂ کار کے ذریعے سخت ردعمل دینے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں