teen saal baad pemra council of complaints punjab faal 97

پیمرا ریگولیٹری میکانزم مزید مضبوط بنائے، قائمہ کمیٹی۔۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) پر زور دیا ہے کہ وہ الیکٹرانک میڈیا کی مؤثر نگرانی، ضابطہ کاری اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے اپنے ریگولیٹری میکانزم کو مزید مضبوط بنائے تاکہ میڈیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔یہ ہدایات کمیٹی کے اجلاس کے دوران جاری کی گئیں، جس کی صدارت چیئرمین قائمہ کمیٹی پلین بلوچ، ایم این اے نے پیمرا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں کی۔ اجلاس میں پیمرا کے چیئرپرسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور ادارے کی کارکردگی، قانونی ذمہ داریوں، ریگولیٹری ڈھانچے اور مختلف شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ پیمرا کا بنیادی مقصد صرف ٹیلی ویژن اور ریڈیو چینلز کی نگرانی کرنا نہیں بلکہ الیکٹرانک میڈیا کی ترقی، ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ اور عوام کو معیاری معلومات کی فراہمی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا بھی ہے۔ حکام نے بتایا کہ پیمرا مختلف قوانین اور ضابطہ اخلاق کے تحت لائسنس یافتہ نشریاتی اداروں کی نگرانی کرتا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی بھی عمل میں لاتا ہے۔اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کے تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے، نئی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور عوامی توقعات کے پیش نظر پیمرا کو اپنے نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔ ارکان نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر مؤثر عمل درآمد، عوامی شکایات کے بروقت ازالے، غیر ذمہ دارانہ نشریات کی روک تھام اور شفاف احتساب کے لیے ریگولیٹری نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔کمیٹی نے پیمرا کونسلز آف کمپلینٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور اس امر پر زور دیا کہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ وقت میں نمٹایا جائے اور فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ارکان نے کہا کہ میڈیا اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ، پیشہ ورانہ تربیت اور ضابطہ اخلاق سے متعلق آگاہی بھی ریگولیٹری عمل کو مزید مؤثر بنا سکتی ہے۔اجلاس کے دوران اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ آزادیِ اظہارِ رائے جمہوری معاشرے کا بنیادی اصول ہے، تاہم اس آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی وابستہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی اخلاقیات، درست معلومات کی فراہمی اور پیشہ ورانہ صحافتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی نشریاتی ذمہ داریاں ادا کرے۔اجلاس کے اختتام پر قائمہ کمیٹی نے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ریگولیٹری، مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنائے، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو بہتر کرے اور میڈیا قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کرے۔ کمیٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان اقدامات سے الیکٹرانک میڈیا کے معیار، شفافیت، احتساب اور عوامی اعتماد میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں