سینئر صحافی پرمبینہ تشدد و بدسلوکی کا ملزم گرفتار۔۔۔ 28

سینئر صحافی پرمبینہ تشدد و بدسلوکی کا ملزم گرفتار۔۔۔

کراچی میں سینئر صحافی کاشف ہاشمی سے مبینہ تشدد و بدسلوکی کا معاملہ، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے احکامات پر ملزم علی ولد محمد صمد حراست میں لے لیا گیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے سینئر صحافی اور سابق صدر کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن (CRA) کاشف ہاشمی کے ساتھ تھانہ ناظم آباد میں پیش آنے والے مبینہ تشدد و بدسلوکی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کیے تھے۔انکوائری کے بعد ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے احکامات پر واقعے میں نامزد ملزم علی ولد محمد صمد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔واقعے کی انکوائری کے بعد اب کارروائی کا عمل میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر اعلیٰ پولیس حکام مسلسل کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اور جنرل سیکریٹری سمیت دیگر عہدیداران سے رابطے میں رہے۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، قانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے سمیت تمام ضروری قانونی اقدامات کیے جائیں گے اور سابق صدر کاشف ہاشمی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔سابق صدر کاشف ہاشمی کی باہمی رضامندی سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے ایس ایس پی سینٹرل آفس کے باہر ہونے والا دھرنا موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کی باڈی تمام ممبران کی تہہ دل سے مشکور ہے جنہوں نے اس معاملے پر بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، اعلیٰ پولیس حکام سے رابطے کیے اور اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کاشف ہاشمی کے لیے آواز بلند کی۔ ممبران کے اس متحدہ اور مؤثر کردار کے نتیجے میں پولیس حکام نے معاملے پر کارروائی کی اور کاشف ہاشمی کے تحفظات دور کرنے کے لیے یقین دہانیاں کرائیں۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن واضح کرتی ہے کہ دھرنا موخر کرنے کا فیصلہ پولیس حکام کی یقین دہانیوں اور سابق صدر کاشف ہاشمی کی رضامندی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن معاملے کی شفاف تحقیقات، انصاف کی فراہمی اور یقین دہانیوں پر عمل درآمد کی توقع رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں