سینئر صحافی کو اسپتال میں پی ٹی وی کی ملازمت مل گئی۔۔۔ 18

سینئر صحافی کو اسپتال میں پی ٹی وی کی ملازمت مل گئی۔۔۔

راولپنڈی اسلام آباد بیوروز جرنلسٹس ایسوسی ایشن (RIBJA) نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں زیرِ علاج سینئر صحافی اسلم کھوکھر کی عیادت کرنے، ان کی خیریت دریافت کرنے پی ٹی وی میں فوری طور پر ملازمت کا نوٹیفکشن جاری کرنے اور علاج معالجے کے لیے حکومتی معاونت کے اعلان کو سراہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے عیادت کے موقع پر اسلم کھوکھر کے علاج کے لیے حکومتی تعاون کا اعلان کیا جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں ان کی ملازمت سے متعلق نوٹیفکیشن بھی پمز میں زیرعلاج صحافی اسلم کھوکھر کے حوالے کیا
ربجا نے وفاقی وزیر اطلاعات کے اس اقدام کو صحافی برادری کے ساتھ ہمدردی، احساسِ ذمہ داری اور عملی یکجہتی کا قابلِ تحسین مظاہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی خدمات کا اعتراف اور مشکل وقت میں ان کی مدد کرنا ایک مثبت اور قابلِ تقلید روایت ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد بیوروز جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر مرتضی ملک جنرل سیکرٹری فیاض چوھدری چیئرمین ربجا سردار شوکت محمود خان نے وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی جانب سے جگر کے عارضے میں مبتلاء صحافی اسلم کھوکھر کی داد رسی پر خصوصی شکریہ ادا کیا
اس موقع پر چیئرمین RIBJA سردار شوکت محمود خان نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلم کھوکھر کی عیادت کے لیے پمز آمد، ان کے علاج کے لیے حکومتی معاونت کا اعلان اور پی ٹی وی میں ملازمت کا نوٹیفکیشن جاری کرنا انتہائی قابلِ ستائش اقدامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کا یہ اقدام ان کے انسانی ہمدردی کے جذبے، صحافی برادری سے وابستگی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی دلچسپی کا عکاس ہے۔ انہوں نے عطاء اللہ تارڑ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اپنی پوری زندگی عوامی مسائل اجاگر کرنے، حقائق سامنے لانے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں صرف کر دیتے ہیں، اس لیے مشکل وقت میں انہیں حکومتی سرپرستی اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کرنا نہایت اہم ہے۔
سردار شوکت محمود خان نے مزید کہا کہ صحافیوں کو عزت، تحفظ، ملازمت کا تحفظ اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں اور حکومت کی ذمہ داری ہے، خصوصاً بیماری اور مشکل حالات میں صحافیوں کی مدد کو ترجیح دی جانی چاہیے۔انہوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ بعض میڈیا ہاؤسز سرکاری اشتہارات اور ادائیگیاں وصول کرنے کے باوجود صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہیں اور واجبات ادا نہیں کرتے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے میڈیا اداروں کی مؤثر نگرانی اور جواب دہی یقینی بنائی جائے تاکہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہیں اور ان کے جائز حقوق مل سکیں۔ربجا نے صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق، فلاح و بہبود، عزت و وقار اور معاشی تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اور اعلان کیا مشکل کی اس گھڑی میں صحافی برادری کو درپیش اجتماعی مسائل اور مشکلات کے حل کے لیئے جدوجہد کا تسلسل جاری رھیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں