sindh journalists protection commission sahafion ke tahaffuz mein nakaam

سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن صحافیوں کے تحفظ میں ناکام

نامعلوم قاتلوں کا نشانہ بننے والے نصر اللہ گڈانی کی افسوسناک شہادت پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کا ہنگامی اجلاس صدر کے یوجے طاہر حسن خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری ، نائب صدر وارث رضا، جوائنٹ سیکرٹری نعمت اللہ بخاری، عمران جونئیر ، خازن محمد ناصر،اراکین مجلس عاملہ ثروت جبیں، اختر شیخ، رضوان احد، ابوالحسن، ملک آفتاب سمیت پی ایف یوجے کے نائب صدر خورشید عباسی، خازن لالہ اسد پٹھان اور سینئر صحافیوں آغا خالد، ارباب چانڈیو اور چاند نواب نے شرکت کی۔  صدر کے یوجے طاہر حسن خان نے نصراللہ گڈانی پر قاتلانہ حملے کے بعد کراچی کے نجی اسپتال تک منتقلی کیلئے کے یوجے کی کاوشوں کے بارے میں بتایا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سندھ اور شہید کا ادارہ عوامی آواز لواحقین کی اشک شوئی کیلئے دس، دس ملین معاوضہ دیں تاکہ شہید کے چار بچوں اور بیوہ کا گذربسر آسانی سے ہوسکے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پچیس مئی بروز ہفتہ چار بجے شہید نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج کیا جائے گا۔ کے یوجے نے  تشویش کا اظہار کیا کہ سندھ کے صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں، صحافیوں کے تحفظ کیلئے قائم سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن مکمل غیر فعال ہے۔ کے یوجے نے سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل کا مطالبہ بھی کیا۔اجلاس میں یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ سکھر میں سندھ بھر کے صحافیوں کا کنونشن منعقد کیا جائے جس میں صحافیوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا جائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں