سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے ہمیشہ آزادی صحافت کا احترام کیا ہے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا خود طویل عرصے تک میڈیا ٹرائل ہوتا رہا، لیکن اس کے باوجود سندھ حکومت نے کبھی کسی میڈیا ادارے کے اشتہارات بند نہیں کئے اور نہ ہی آزادی صحافت پر کوئی قدغن لگائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی الزام ثابت ہو جائے تو سزا بھگتنے کے لئے تیار ہیں، تاہم غلط اور بے بنیاد خبر پر شکایت کرنا ہمارا حق ہے۔پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے اور مرتے دم تک ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔کراچی پریس کلب کے باہر صحافیوں کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایک صحافی نے ایسی خبر نشر کی جو سندھ حکومت کے لئے نقصان دہ تھی۔ اس خبر پر شکایت کی گئی، جس کے نتیجے میں صحافی کو ادارے سے نکال دیا گیا۔ تاہم، میں نے خود متعلقہ ادارے کو فون کرکے درخواست کی کہ صحافی کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کرنے کا مقصد کسی صحافی کو بے روزگار کرنا نہیں بلکہ غلط اور بے بنیاد خبر کی نشاندہی کرنا ہے۔پیپلز پارٹی کا جتنا میڈیا ٹرائل کیا گیا، شاید ہی کسی دوسری سیاسی جماعت کا اس قدر میڈیا ٹرائل ہوا ہو۔ بڑے بڑے میڈیا اداروں نے بھی پیپلز پارٹی کے خلاف غلط انداز میں میڈیا ٹرائل کیا، لیکن ہم نے کبھی کسی ادارے کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ صحافیوں کے مسائل اور مطالبات سنجیدہ ہیں، پیپلز پارٹی آزادیٔ صحافت پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی صحافیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔کراچی پریس کلب کے باہر پی ایف یو جے کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ خبر چلانا سب کا حق ہے، کسی پر کوئی چیز تھوپنا ناجائز ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو معاشی مسائل درپیش ہیں، دوسری جانب ان کے آزادیٔ اظہار پر بھی پابندی لگائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اشتہارات کی مد میں ایسے اقدامات کرے کہ صحافیوں کی تنخواہوں کا مسئلہ حل ہوسکے۔پیکا قانون کے خلاف جاری دھرنے میں مختلف سیاسی رہنماؤں، مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
77
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل