mojooda adakaro mein bardasht nai 140

یوٹیوبر بننا بہت بڑا اسٹارڈم ہے، سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز۔۔۔

سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے یوٹیوب چینل بنانے کا فیصلہ اپنے داماد علی حمزہ بلوچ سے متاثر ہو کر کیا۔آج نیوز کے مطابق حال ہی میں شگفتہ اعجاز نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے یوٹیوب سفر کے آغاز کی دلچسپ کہانی سنائی۔ان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں ان کا یوٹیوب پر آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، لیکن جب انہوں نے اپنے داماد کی مقبولیت اور مداحوں کا ان سے غیر معمولی لگاؤ دیکھا تو انہیں بھی احساس ہوا کہ یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں فنکار اپنے چاہنے والوں سے براہِ راست رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے داماد علی حمزہ بلوچ روزانہ وی لاگز بنایا کرتے تھے اور ان کی ویڈیوز کو لوگ بے حد پسند کرتے تھے۔ شگفتہ اعجاز نے کہا، “میں دیکھتی تھی کہ لوگ علی حمزہ بلوچ سے کتنی محبت کرتے ہیں اور ان کی ویڈیوز سے خود کو جوڑتے ہیں ۔ حتیٰ کہ جب میں کسی شادی یا تقریب میں جاتی تھی تو لوگ مجھ سے کہتے تھے کہ ہم علی بھائی کے بہت بڑے مداح ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ، ”اس وقت مجھے احساس ہوا کہ یوٹیوبر بننا بھی ایک بہت بڑا اسٹارڈم ہے، جہاں آپ کو اپنے کام کا فوری ردعمل مل جاتا ہے۔ ادھر ویڈیو اپ لوڈ ہوتی ہے اور ادھر لوگوں کے پیغامات آنا شروع ہو جاتے ہیں اور آپ اپنا میسیج بھی ان تک براہ راست پہنچا سکتے ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے داماد علی حمزہ بلوچ نے ہی انہیں یوٹیوب چینل بنانے میں بھرپور مدد فراہم کی۔ شگفتہ اعجاز کے مطابق، ”میں نے علی حمزہ بلوچ کی مدد سے اپنا یوٹیوب چینل بنایا تاکہ اپنے چاہنے والوں سے براہِ راست رابطہ قائم کر سکوں اور انہیں اپنی زندگی اور کام کے بارے میں قریب سے آگاہ کر سکوں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیوب کے ابتدائی دنوں میں ان کی بیٹیاں ان کی ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کیا کرتی تھیں اور وہ انہیں اس کام کا معاوضہ بھی دیتی تھیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے خود ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھ لی اور اب اپنی تمام ویڈیوز کی ایڈیٹنگ خود ہی کرتی ہیں۔ شگفتہ اعجاز نے اپنے یوٹیوب چینل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے یوٹیوب چینل پر صرف ان کے ڈراموں یا پیشہ ورانہ سرگرمیاں ہی نہیں بلکہ اپنی فیملی، روزمرہ زندگی اور مختلف مصروفیات کی جھلکیاں بھی شامل ہوتی ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں