102

پریس فریڈم اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی میں سینئر خاتون صحافی کی شمولیت۔۔۔

کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرزنے سال 2026-27 کے لیے اپنی پریس فریڈم اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے خواتین کی نمائندگی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ کمیٹی میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی سینئر صحافی مائرہ عمران کو بطور کوآپٹڈ نان ممبر شامل کیا گیا ہے، جسے صحافتی شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور بااختیار بنانے کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔مائرہ عمران گزشتہ 20 برس سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں اور قومی میڈیا میں مختلف اہم موضوعات، خصوصاً عوامی مفاد، خواتین کے حقوق، میڈیا ڈویلپمنٹ اور قومی امور پر نمایاں خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ ان کی کمیٹی میں شمولیت سے خواتین صحافیوں کے مسائل، تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی اور میڈیا میں مساوی نمائندگی کے حوالے سے مؤثر آواز کو تقویت ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔سی پی این ای کے نوٹیفکیشن کے مطابق، پریس فریڈم اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا بنیادی مقصد ملک میں آزادیٔ صحافت، حقِ معلومات اور اخلاقی صحافت کے فروغ کے لیے کام کرنا ہے۔ کمیٹی پریس فریڈم سے متعلق شکایات اور معاملات کا جائزہ لے گی، سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو سفارشات پیش کرے گی، جبکہ پاکستان میڈیا فریڈم رپورٹ سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر مرتب کرنے کی ذمہ داری بھی اسی کمیٹی کے سپرد ہوگی۔کمیٹی میں ملک کے مختلف صوبوں اور شہروں سے صحافتی نمائندگی شامل کی گئی ہے تاکہ آزادیٔ صحافت سے متعلق معاملات کی مؤثر نگرانی اور صحافی برادری کے مسائل کا جامع انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔ مبصرین کے مطابق، مائرہ عمران کی شمولیت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ سی پی این ای میڈیا کے اہم فورمز پر خواتین کی مؤثر نمائندگی اور شمولیت کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں