press club ki khawateen ohdedaraan ko family samet lootlia 156

سینئر فوٹوگرافر دوسری بار گن پوائنٹ پر لٹ گیا۔۔۔

سینئر فوٹوگرافر، ممبر کراچی پریس کلب اور ممبر اے سی جے،ممبر کراچی یونین آف جرنلسٹ قاضی ناصرالدین کو نامعلوم مسلح ملزمان نے ڈیفنس لائبریری کے قریب رات ایک بج کر سولہ منٹ پر بیٹے قاضی واعظ الدین کے ہمراہ اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔ ملزمان ان سے نقد رقم، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہوگئے۔قاضی ناصرالدین کے مطابق ملزمان نے واردات کے دوران جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، ان کا بیگ کھول کر اس کی تلاشی لی اور اہم کاغذات و دیگر دستاویزات بھی ساتھ لے گئے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران انہیں دوسری مرتبہ اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ واقعے کی درخواست ڈیفنس تھانے میں جمع کرا دی گئی ہے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ متاثرین کا کہنا ہے کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔دریں اثنا، صحافی رہنماؤں اور صحافی برادری نے سینئر فوٹوگرافر قاضی ناصرالدین کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ایس ایس پی ساؤتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کو فوری گرفتار کرکے ان سے لوٹی گئی نقد رقم، موبائل فون، اہم دستاویزات اور دیگر سامان برآمد کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ شہریوں خصوصاً صحافیوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں