257

سینئر صحافی شکیل نائچ کو این سی سی آئی اے کا نوٹس جاری۔۔۔

ورکنگ جرنلسٹس فورم کے بانی و مرکزی صدر میاں خرم شہزاد مرکزی سیکرٹری جنرل ساجد احمد اور عہدیداران و ممبران نے چینل 5 نیوز سے وابستہ سینئر صحافی شکیل نائچ کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کراچی کی جانب سے جاری کیے گئے طلبی کے نوٹس پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافتی برادری کے لیے باعثِ تشویش قرار دیا ہے۔ میاں خرم شہزاد نے کہا کہ صحافیوں کو ان کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران قانونی نوٹسز اور تحقیقات کا سامنا ہو تو تمام کارروائی قانون کے دائرے میں، شفاف اور غیرجانبدارانہ انداز میں ہونی چاہیے۔ صحافیوں کو ہراساں یا دباؤ میں لانے کے کسی بھی تاثر سے صحافتی آزادی اور آزادیٔ اظہار متاثر ہوتی ہے۔ ورکنگ جرنلسٹس فورم صحافی شکیل نائچ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ معاملے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔ اگر کسی صحافی کے خلاف کوئی شکایت یا الزام موجود ہے تو اسے قانون کے مطابق سنا جائے، تاہم صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے والے کسی بھی صحافی کو غیرضروری دباؤ، خوف یا ہراسانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ میاں خرم شہزاد اور ساجد احمد نے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس فورم ملک میں آزادی صحافت، آزادیٔ اظہار اور صحافیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سینئر صحافی شکیل نائچ کے معاملے کو شفاف انداز میں دیکھا جائے اور صحافی برادری میں پائے جانے والے تحفظات کو دور کیا جائے۔ ورکنگ جرنلسٹس فورم نے واضح کیا کہ صحافیوں کے خلاف کسی بھی غیرضروری دباؤ یا ہراسانی کی صورت میں فورم آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے صحافتی برادری کے حق میں اپنی آواز بلند کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں