سینئرفلم ڈائریکٹر اقبال کشمیری سپردخاک۔۔

فلم انڈسٹری کے سینئر ڈائریکٹر اقبال کاشمیری کو سپر دِ خاک کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سینئر فلم ڈائریکٹر اقبال کاشمیری کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اُن کی لاہور کے بدھو کا آوا قبرستان میں تدفین کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ اقبال کاشمیری گزشتہ روز علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔اقبال کاشمیری گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے جس کے باعث وہ گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔اقبال کاشمیری نے سوگوران میں 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔معروف ڈائریکٹر اقبال کاشمیری نے بطور ڈائریکٹر پہلی فلم ٹیکسی ڈرائیور بنائی تھی جو 1970ء میں ریلیز ہوئی جو اپنے دور کی سپر ہٹ فلم تھی۔اقبال کاشمیری کی ہدایت کاری میں بننے والی مقبول فلموں میں ‘بلیک وارنٹ’، ‘رنگیلے جاسوس’ اور ‘سستا خون مہنگا پانی’ شامل ہیں۔ کم تعلیم کے باوجود انہوں نے سخت محنت اور مسلسل جدوجہد سے انڈسٹری میں جگہ بنائی اور ایکسٹرا سے ڈائریکٹر تک پہنچے۔ 1942 میں لاہور میں پیدا ہونے والے اقبال کے والد کریم بخش جو دہلی دروازے کے پاس ایک چھوٹا سا ہوٹل چلاتے تھے، انہیں پڑھانا چاہتے تھے، لیکن اقبال لکھنے پڑھنے سے بھاگتے تھے۔بچپن ہی سے فلم بینی کا شوق تھا، نہ صرف فلم دیکھتے بلکہ محلے کے بچوں کی ایک ٹیم بنا کر ان کے ساتھ شوٹنگ شوٹنگ کھیلتے تھے۔ ان بچوں کو مختلف گیٹ اپ کروا کر خود ہدایت کار بن کر ان سے مختلف فلموں کی نقلیں کرواتے تھے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں