Seena Ba Seena

سینہ بہ سینہ قسط نمبر 53

سینہ بہ سینہ (آف دا ریکارڈ) پارٹ 53

دوستو، پروگرام تو یہ تھا کہ کراچی میں چھٹیاں گزارنے کے بعد لاہور واپسی پر سینہ بہ سینہ لکھوں گا لیکن فیس بک کے ان باکس میں لوگوں کی بے پناہ فرمائش اور درجنوں فون کالز نے مجبور کردیا کہ فوری طور پر سینہ بہ سینہ لکھا جائے۔۔ وہ کہتے ہیں ناں کہ قدر کھو دیتا ہے روز روز کا آنا جانا۔۔ اسی لئے کوشش کرتا ہوں کہ اس مقبول سلسلے میں میں ایک معقول گیپ رکھا جائے، جب کسی چیز کی چاہت ہوگی اور اس کا انتظار ہوگا تو پھر اسے پڑھنے میں بھی مزہ آئے گا۔۔ بچپن میں اشتیاق احمد اور مظہر کلیم کے ناولز کا جس بے چینی سے انتظار رہتا تھا وہ آج تک بھول نہیں سکتا۔۔ بزرگ فرماتے ہیں کہ وہ ابن صفی کے نئے ناولز کا بڑی شدت سے انتظار کرتے تھے۔۔ اب میری ان باتوں کا قطعی یہ مقصد نہ لیجئے گا کہ میں ان کے پائے کا کوئی لکھاری بن گیا یا ایسا کوئی تاثر دینے کی کوشش کررہا ہوں۔۔۔ میں نے یہ باتیں صرف مثالوں کے لئے کی تھیں۔۔۔ خیر باتیں زیادہ ہوگئیں۔۔۔ اب کرتے ہیں کام کام کی بات۔۔۔

کراچی میں آمد ہوئی ہے۔۔۔ کچھ نجی مصروفیات تھیں اور کچھ غیرنصابی ایک دو میٹنگز ۔۔ وہ سلسلے جاری ہیں۔۔۔ اس دوران پپو سے ان کے ڈیرے (کھوکے ) پر بھی روز بیٹھکیں جاری ہیں۔۔ پپو کی مخبریوں کی زنبیل لبالب بھری ہوئی تھی۔۔۔ جس چینل کی بات کرو۔۔ اس کی مخبری اندر سے نکال کر پیش کردیتے ۔۔۔ سما۔۔ اے آر وائی۔۔ کیپٹل۔۔۔ دنیا ۔۔۔ وڈا چینل۔۔۔ آج ٹی وی۔۔ نیوزون۔۔۔ نائنٹی ٹو۔۔ ٹوئنٹی فور۔۔۔ غرض وہ کون سا چھوٹا یا بڑا چینل ہے جس کے متعلق پپو کے پاس خبر نہ ہو۔۔ ہر خبر پر دعوی کہ ہمت ہے تو چیلنج کرلو۔۔۔ اب پپو کو ہم کیوں چیلنج کریں وہ تو ہماری سورس ہے ۔۔ جس سے ہمارا سینہ بہ سینہ ہٹ کیا بلکہ سپرہٹ ہوگیا ہے۔۔۔ ملک کا کون سا چینل ہے جہاں پپو کی شہرت نہیں۔۔ میڈیا ورکرز کی اکثریت پپو کے نام اور اس کے کام سے اچھی طرح واقف ہوچکی ہے۔۔ خیر یہ پپو نامہ نہیں سینہ بہ سینہ ہے۔۔ اس لئے اس بار بھی کچھ نئی مخبریاں آپ کیلئے حاضر ہیں۔۔۔ یہ تمام مخبریاں پپو کی ہیں۔۔۔ اس لئے بار بار ان کا نام نہیں لوں گا۔۔۔ اب اگلے پیراگراف سے پپو کی مخبریاں پپو کی زبانی حاضر ہیں۔۔۔ اس میں اگر میری کوئی بات ہوگی یا تبصرہ ہوگا تو وہ (بریکٹ) میں لکھوں گا۔۔۔۔

سما کو لگا ہے زوردار جھٹکا۔۔ ان کی سماچار کی پوری ٹیم بول منتقل ہوگئی ہے۔۔۔ جہاں سے وہ اب پروگرام کرینگے۔۔

وڈے چینل کا مقبول پروگرام بی این این تو آپ کے ذہن میں ہوگا۔۔۔ یہ وہی ٹیم کرتی تھی جو اس سے پہلے آج نیوز پر فورمین شو کرتی تھی۔۔۔ یہ ٹیم بھی بول چلی گئی ہے۔۔ اور جلد بول پر نظر آئے گی۔۔۔

شفاعت بھی انہی کی ٹیم کا حصہ تھا۔۔ اختلافات کے بعد وہ وڈا چینل چھوڑ کر 24 چلا گیا۔۔ جہاں سے پروگرام شروع کیا لیکن وہ چل نہ سکا۔۔ جس کے بعد انہوں نے نیٹ پر پیروڈیاں شروع کردیں۔۔ سوشل میڈیا سے شہرت ملنے لگی تو لاہور کے ایک ریسٹورینٹ میں پندرہ سو روپے ٹکٹ لگا کر اپنی آواز بیچنا شروع کردی۔۔۔ ٹکٹ لینےکے بعد آپ ان کے ساتھ ایک کپ چائے پیئیں اور جس کی بولیں گی وہ اس شخصیت کی پیروڈی کرکے دکھائیں گے۔۔۔ یہ سلسلہ زیادہ دن نہیں چلا۔۔ وڈے چینل کے پروگرام خبرناک میں کچھ دن نظر آئے۔۔۔ اب پچھلے دنوں بول میں دیکھے گئے ہیں۔۔۔۔

سگریٹ فروش کے لال چینل کا ہٹ پروگرام خبردار کا آرو گریننڈ یعنی اداکارہ ماجد آغا نے بھی اس پروگرام کو چھوڑ دیا ہے۔۔۔ حالانکہ اس سے پہلے انہیں کوئی جانتا نہیں تھا۔۔۔ ملتان اسٹیج سے اداکاری شروع کی۔۔ پھر لاہور تھیٹر پر روزگار کا سلسلہ شروع کیا۔۔ چھوٹے موٹے کردار ملتے تھے دیہاڑی لگ جاتی تھی۔۔ خبردار نے انہین شہرت بخشی ۔۔۔ اور اب وہ اس شہرت کو کیش کرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔۔۔ بہت جلد انہیں بھی آپ ایک اور چینل پر دیکھ سکیں گے۔۔۔(پپو نے بار بار پوچھنے پر بھی اس چینل کا نام نہیں بتایا)۔۔۔

پپو کے مطابق ان دنوں ایکسپریس ۔۔ جیو ۔۔۔ سما ۔۔ کے بھانڈوں والے ایک گھنٹے کے شوز میں ایک دوسرے کے بھانڈ توڑنے کی جنگ چھڑی ہوئی ہے۔۔۔ جس کو موقع ملتا ہے وہ دوسرے کو ٹینشن دینے کیلئے اس کا بھانڈ توڑ لیتا ہے۔۔۔ اس جنگ میں ریٹنگ کی فکر اپنی جگہ لیکن بھانڈوں کے ریٹ بڑھتے جارہے ہیں۔۔۔ اور ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں ہے۔۔

اب بات کرتے ہیں ۔۔۔ پپو کی اس مخبری کی جو آج تک سوشل میڈیا پر روپ بدل بدل کر ڈسکس ہورہی ہے۔۔ پپو نے دعوی کیا تھا کہ شاہزیب خانزادہ اور فہیم صدیقی نے استعفی دے دیا۔۔۔ جس پر بری لے دے ہوئی۔۔۔ سب نے پپو کا مذاق اڑایا۔۔۔ لیکن پپو کا اب بھی یہی دعوی ہے کہ اس کی مخبری درست ہے۔۔۔ پیر کی رات وہ وڈے چینل پر پروگرام بھی کررہا تھا جس پر پپو کا کہنا ہے کہ پروگرام کررہا ہے تو کیا ہوا؟ کیا استعفا دینے کے بعد لوگ نوٹس پیریڈ پورا نہیں کرتے؟ کیا استعفے کے بعد مذاکرات کے بعد رک نہیں سکتے؟ کیا استعفے کے بعد ریٹ بڑھوا کے اپنا مقاصد پورے نہیں کئے جاسکتے؟ کیا استعفے کے بعد اپنی شرائط نہیں منوائی جاسکتی؟ (پپو کے سارے سوال ایسے تھے کہ جن کا جواب کوئی میڈیا ورکر نہیں دے سکتا۔۔ یہ پریکٹس تو عرصے سے میں ذاتی طور پر دیکھتا آیا ہوں)۔۔۔۔ پپو کا کہنا ہے کہ شاہزیب خانزادہ ہو یا فہیم صدیقی۔۔۔ یا کوئی بھی کسی بھی چینل کا کوئی مشہور چہرہ یا نام۔۔۔ کوئی بھی کسی چینل کو لکھوا کے نہیں آتا۔۔ اچھے مواقع ملنے پر سب آگے بڑھ جاتے ہیں۔۔۔ شاہ زیب خانزادہ نے اپنے کئرئر کا آغاز ایک ایسے چینل سے کیا جو کسی گنتی میں نہین آتا۔۔۔ چند برسوں میں چھلانگیں مار کر آج وہ اس مقام پر ہے۔۔۔ پپو کا دعوی ہے کہ وہ شاہزیب خانزادہ کو صحافی نہیں مانتا۔۔۔ وہ صرف اینکر پرسن ہے۔۔۔ وہ بننا کچھ اور چاہتا تھا۔۔ بن اینکر گیا۔۔۔ تعلیم کسی اور مقصد کیلئے حاصل کی تھی ۔۔۔ جس کی ڈگری لینےکے باوجود وہ کام نہیں کررہا بلکہ دوسری فیلڈ میں اچانک ہی جگہ بن گئی ۔۔ جس کے بعد اس نے اپنی محنت سے اپنا نام اور مقام بنالیا۔۔۔(پپو کی باتیں پپو ہی جانے۔۔۔ )۔۔۔

پپو سے ہم نے ” ہم نیوز” کی کہانی پوچھی تو انہوں نے زوردار قہقہہ لگایا اور ایک آنکھ میچ کر کہنے لگے۔۔۔ یار ہم نیوز کی باتیں چھوڑو۔۔۔ اس پر پھر کبھی بات کرینگے۔۔ میں ذرا پتہ کرلوں کہ یہ منجن کیا ہے اور اچانک سوشل میڈیا پر اس کی جعلی تصویریں۔۔ اور جعلی لوگو کی بھرپور تشہیر کے پیچھے کیا کہانی ہے۔۔۔

اب ذکر اپنے پیارے بول کا۔۔۔۔ میرے محترم دوستو۔۔۔ پپو کا کہنا ہے کہ چھ جنوری خطرے والی تاریخ ہے۔۔۔ اللہ پاک کرم کرے ۔۔۔ پپو نے بول کے حوالے سے بہت سی نت نئی باتیں بھی بتائیں۔۔۔ پپو کا کہنا ہے کہ اے آر وائی انتظامیہ بول کی بھرپور مدد کررہی ہے۔۔۔ ( یہ مدد کس سطح پر ہے پپو نے اس کی تفصیل بتائی ہے، جسے اگلی بار پیش کرونگا۔۔۔ کیونکہ ابھی یہ میرا موضوع نہیں)۔۔۔۔ بول میں ایک ایسے صاحب کنٹرولر ہیں۔۔۔ جو بڑے فخر سے بول میں بتاتے پھرتے ہیں کہ کہ وہ تو اچھا خاصا بینک میں کام کررہے تھے ان کے دوست نے کہا کہ اس سے زیادہ پیسے تمہیں بول میں مل جائیں گے تو وہاں آکرکام کرو۔۔۔ تو وہ بول میں آکر کام کرنے لگ گئے۔۔۔۔ پپو کا کہنا ہے کہ بول میں کوئی تبدیلی نہیں ائے گی یہ اسی طرح چلتا رہے گا۔۔۔۔ خبروں کیلئے الگ سے چینل ہوگا۔۔۔ جس کا نام پاک نیوز ہے۔۔۔ اس چینل کا مقابلہ دیگر نیوزچینلز سے ہوگا۔۔۔ جس کے لئے الگ سے ہائرنگ کی جارہی ہے۔۔۔ اور اس کی تشہیری مہم۔۔ پروموز۔۔۔ پینافلیکس ۔۔۔۔ سمیت دیگر امور پر تیزی سے کام جاری ہے۔۔ اور نچلے لیول کے اسٹاف کی بھرتیاں بھی شروع ہوگئی ہین۔۔۔

پپو نے ایک اور عجیب انکشاف کیا ۔۔۔ کہتا ہے کہ بہت جلد آپ لوگ دو مختلف چینلز کے چار اینکرز کی شادیوں کی خبر سنیں گے۔۔۔ اور یہ شادی لومیرج ہے جو اینکرز کے گھروالوں کی اشیرباد سے انجام پانے والی ہے۔۔۔( پپو نے بار بار کے اصرار پر ان اینکرز کے نام نہیں بتائے۔۔ ہر بار نام پوچھنے پر پپو کا کہنا تھا کہ یار۔۔۔ رہنے دو۔۔ اچھا کام کررہے ہیں۔۔ غلط کام کرتے تو نام بھی بتا دیتا۔۔۔۔ پپو نے نام کے بجائے صرف اتنا اشارہ دیا کہ دو مرد اور دو خواتین اینکرز ہیں۔۔ اس سے زیادہ پر انہوں نے گولڈ لیف سب سے آخری انگلی میں پھنسا کر زوردار کش لگایا اور دھوئیں کو چھلہ بنا کے ہوا میں اڑادیا ۔۔۔ )

آج کیلئے اتنا ہی۔۔۔ باقی باتیں لاہور آکر کروں گا۔۔ تب تک پپو سے اور فیض حاصل کرلوں گا۔۔ اور مزید مخبریاں لے لوں گا۔۔۔ جب تک اپنا خیال رکھئے گا۔۔۔(علی عمران جونیئر)۔۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں