کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے سنو نیوز اور ایک نیوز سمیت مختلف میڈیا ہاؤسز میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش، برہمی اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ملازمین کی واجب الادا تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں اور آئندہ ہر ماہ کی تنخواہ مقررہ وقت پر ادا کرنے کا مستقل نظام وضع کیا جائے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری اور سیکریٹری ریحان چشتی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کئی کئی ماہ تک تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث صحافی اور میڈیا ورکرز شدید ذہنی اذیت، معاشی دباؤ اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ملازمین کے لیے اپنے گھروں کے بنیادی اخراجات پورے کرنا، بچوں کی تعلیم جاری رکھنا اور اہل خانہ کی معمولی بیماریوں تک کا علاج کروانا مشکل ہو چکا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف ملازمین بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی شدید پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نصراللہ چوہدری نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کا اپنے ملازمین کے ساتھ یہ ظالمانہ اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صحافی اور میڈیا ورکرز اداروں کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں، اس لیے ان کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ کے اختتام پر ملازمین کو ان کی تنخواہ مل جانی چاہیے۔ تنخواہوں کو کئی کئی ماہ تک روکنا ملازمین کے معاشی اور ذہنی استحصال کے مترادف ہے، جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔سیکریٹری کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) ریحان چشتی نے کہا کہ سنو نیوز اور ایک نیوز کی انتظامیہ فوری طور پر اپنے ملازمین کی تمام واجب الادا تنخواہیں ادا کرے اور اس معاملے کو مزید طول نہ دے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر ادا نہ کی گئیں تو کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) صحافتی اور میڈیا ورکرز کی دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر سنو نیوز اور ایک نیوز کے دفاتر کا گھیراؤ کرے گی اور دونوں اداروں کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ملازمین کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن احتجاجی اور تنظیمی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کی گورننگ باڈی کے اراکین نے بھی اپنے مشترکہ مؤقف میں ایک نیوز، سنو نیوز اور دیگر میڈیا ہاؤسز کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے، زیرِ التوا واجبات فوری ادا کیے جائیں اور مستقبل میں اس قسم کی صورتحال سے بچنے کے لیے واضح اور مستقل پالیسی اختیار کی جائے۔گورننگ باڈی کے اراکین نے مزید کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو معاشی مشکلات سے دوچار رکھ کر ان سے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہترین ادائیگی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ کسی بھی میڈیا ادارے کی اصل طاقت اس کے کارکن ہوتے ہیں، لہٰذا ان کے معاشی تحفظ، عزتِ نفس اور بنیادی حقوق کا خیال رکھنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔کے یو جے (دستور) واضح کرتی ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے معاشی استحصال، تنخواہوں کی غیر ضروری بندش اور بنیادی حقوق کی پامالی پر خاموش نہیں رہا جائے گا۔ یونین اپنے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے صحافتی برادری کی دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
145
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل