ہدایتکار ابو علیحہ نے موٹر وے زیادتی سانحہ رونما ہونے کے بعد اس پر سامنے آنے والے عوامی ردعمل پر فلم ’شینوگئی‘ بنانے کا اعلان کیا ہے۔فلم کا ٹائٹل پشتو زبان سے لیا گیا ہے جس کا مطلب ہے ’سبز آنکھوں والی لڑکی ‘، فلم کو زیمیز پروڈکشنز اور میٹرو لائیو موویز نے پروڈیوس کیا ہے۔فلم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لاہور موٹروے زیادتی کیس کے بعد پاکستانی معاشرے میں عورت کے تحفظ سے متعلق متضاد بیانات سامنے آئے اور بہت سے سوالات بھی کئے گئے، فلم ’شینوگئی‘ میں عوامی ردعمل سے متعلق بہت سے جوابات ہیں۔ انہوں نے اپنے متعدد سوشل میڈیا پیغامات میں اپنی فلم کے حوالے سے بتایا کہ ’شینوگئی‘ کے مرکزی کردار کے لئے ایسی لڑکی درکار تھی جو ہیوی بائیک ناصرف چلانا جانتی ہو بلکہ اس پر ہلکے پھلکے اسٹنٹس بھی کرسکے۔ابو علیحہ نے کہا کہ دو چوائسز تھیں کہ کسی اداکارہ کو لیا جائے اور اسے بائیک چلانا سکھایا جائے یا پھر کسی بائیکر کو لیا جائے اور اسے اداکاری سکھائی جائے۔ہدایتکار نے بتایا کہ سینماٹو پروڈکشنز میں آڈیشن منعقد کئے گئے۔ ہر دس میں سے آٹھ فی میلز بائیکر نے اس سوال کے جواب میں کہ آپ کو بائیک چلانی کس نے سکھائی، مرینہ سید کا نام لیا تو انہیں بلوالیا گیا۔

